جسمانی معذوری ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوسکتی لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ خصوصی بچوں کو زندگی کی دوڑ میں شامل رکھنے کے لئے انکی بھرپور حوصلہ افزائی کرکے ان میں عزم وہمت کوپروان چڑھایا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:12

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء)جسمانی معذوری ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوسکتی لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ خصوصی بچوں کو زندگی کی دوڑ میں شامل رکھنے کے لئے انکی بھرپور حوصلہ افزائی کرکے ان میں عزم وہمت کوپروان چڑھایا جائے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز)میاں آفتاب احمدنے خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے سیدہ خاتون جنت ٹرسٹ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید،پاسبان گروپ کے میجر شاہ نوازالحسن،چیئرمین ٹرسٹ حکیم سید شکیل احمد،کنسلٹنٹ سپیشل ایجوکیشن مس ہما میر،ایڈمنسٹریٹر سید محمد شرجیل،ڈاکٹر اشرف،محمد عظیم،سید نجم شاہ اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے ملی نغمے،ٹیبلو،خاکے اور دیگر رنگارنگ پروگرامز پیش کئے۔

مہمان خصوصی میاں آفتاب احمد نے خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو خصوصی بچوں کے والدین کا بوجھ بانٹنے کے لئے آگے آنا چاہیے۔اس سلسلے میں خصوصی بچوں کی بھلائی کے لئے فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ بھی وسیع ہونا چاہیے۔انہوں نے عالمی تاریخ میں نام پیداکرنے والے بعض خصوصی افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کے جذبوں میں کوئی معذوری آڑے نہیں آسکتی۔

انہوں نے خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت اور بحالی کے سلسلے میں سیدہ خاتون جنت ٹرسٹ کی وسیع فلاحی خدمات کو سراہا۔چیئرمین ٹرسٹ حکیم سید شکیل احمد نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئے فراہم کردہ سہولیات سے آگاہ کیا۔ڈی او سپیشل ایجوکیشن نے حکومتی سطح پر خصوصی تعلیم کے اداروں کی ورکنگ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سپیشل بچوں کی تعلیم وتربیت اوربحالی کے سلسلے میں این جی اوز بھی اہم کرداراداکررہی ہیں۔