سیالکوٹ ،نالہ ڈیک کی ایم آر لنک سے دریائے راوی تک کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا گیا

ب روپے کی لاگت سے نالہ ڈیک کے نور پورسائفن تا دریائے راوی تک کے حصہ میںپانی کے بہاؤ کی گنجائش 3ہزار کیوسک سے بڑھ کر 13ہزار کیوسک ہوجائے گی

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء)نالہ ڈیک کی ایم آر لنک سے دریائے راوی تک کشادگی کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ، 5ارب روپے کی لاگت سے نالہ ڈیک کے نور پورسائفن تا دریائے راوی تک کے حصہ میں پانی کے بہاؤ کی گنجائش 3ہزار کیوسک سے بڑھ کر 13ہزار کیوسک ہوجائے گی اس منصوبے کی توسیع کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو ڈھائی ارب کے معاوضہ جات بھی ادا کئے جائیں گے، ضلع سیالکوٹ کی حدود میں نالہ ڈیک کے زیر تکمیل اس منصوبے پر 2ارب خرچ ہونگے اور یہ حصہ مون سون 2018ء کے فلڈ سیزن شروع ہونے سے قبل مکمل کیا جائے گااس منصوبے کی تکمیل سے نالہ ڈیک میں آنے والی طغیانی سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوگا اور اس سے ہر سال متاثر ہونے والے علاقے کے مکینوں کو ریلیف ملے گا ۔

(جاری ہے)

یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے تحصیل پسرور میں ایم آر لنک پر واقع نور پور سائفن سے اس منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لینے کے دوران مقامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ پارلیمانی سیکرٹری داخلہ پنجاب /ایم پی اے رانا محمد افضل ، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ، اے سی پسرور عمر شیرازی ، ایس ڈی او محکمہ انہار شفقت ریاض اور ایس ڈی او ہائی وے ڈویژن اویس احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

پارلیمانی سیکرٹری داخلہ پنجاب /ایم پی اے رانا محمد افضل نے اس موقع پر اہلیان قلعہ کالروالہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پانچ ارب روپے کی خطیر رقم سے نالہ ڈیک کی چینلائزیشن کا میگا پراجیکٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اہلیان قلعہ کالروالہ کیلئے تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے گذشتہ کئی دہائیوں سے درپیش مسئلہ حل ہوگا اور علاقہ میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغا ز ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات میں بسنے والے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں اور تاریخ پاکستان میں پہلی مرتبہ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے اتنے وسائل مہیا کئے گئے ہیں ۔ قبل ازیں ایس ڈی او محکمہ انہار شفقت ریاض نے نالہ ڈیک کی چینلائزیشن کے منصوبے پر جاری کام اور سکوپ آف ورک پر ڈپٹی کمشنر اور ایم اپی اے کو بریفنگ دی ۔

ڈی سی نے محکمہ آبپاشی کے مقامی حکام کو ہدایت کے اس منصوبے کو مفاد عامہ میں برق رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ علاقہ کے عوام کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور کو ہدایت کی کہ وہ اراضی کے مالکان کو جلد از جلدمعاوضہ کی ادائیگی کیلئے اقدامات کریں ۔