ماں بچے کی صحت کے حوالے سے بلوچستان نیوٹریشن پروگرام بہتر انداز میں خدمات سرانجام دے رہا ہے،جاوید انور شاہوانی

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) سیکرٹری صحت جاوید انور شاہوانی نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے بلوچستان نیوٹریشن پروگرام بہتر انداز میں خدمات سرانجام دے رہا ہے تاہم اس پروگرام کو مزید بہتر اور وسعت دینے کی ضرورت ہے،اس سے قبل نومولود بچوں کی شرح اموات زیادہ تھی۔ اس پروگرام سے لوگوں میں ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں آگاہی پیدا ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان نیوٹریشن پروگرام کے پروگریس ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بلوچستان نیوٹریشن پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر ناصر علی بگٹی، میڈیکل اسٹور ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرید سمالانی نیوٹریشن پروگرام کے ڈپٹی پروگرام منیجر ڈاکٹر صادق بلوچ، ڈاکٹر سبینہ بلوچ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی ڈاکٹر طاہرہ بلوچ ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو نیوٹریشن پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر ناصر علی بگٹی نے بتایا کہ نیوٹریشن پروگرام اس وقت مختلف بین الاقوامی ڈونرایجنسیز کے توسط سے پی پی ایچ آئی بلوچستان، نیشنل پروگرام لیڈی ہیلتھ پروگرام کے توسط سے صوبے کے سات اضلاع میں خدمات سرانجام دے رہا ہے جس میںژوب، قلعہ سیف اللہ، خاران، پنجگور، نوشکی، سبی اور کوہلو میں کام کررہا ہے جس میں اب تک 140936 بچوں کی اسکریننگ کی جاچکی ہے اور 16183انتہائی غذائی قلت کے بچوں کا علاج ، ان کو خوراک کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس میں 7041بچے غذائی قلت کے پیمانوں سے نکل کر ایک مناسب غذائی زندگی گزاررہے ہیں۔

سیکریٹر صحت نے اس موقع پر نیوٹریشن پروگرام بلوچستان کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی اور بتایا کہ صوبائی حکومت محکمہ صحت کی کارکردگی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے محکمہ میں اصلاحات لارہی ہے۔ اس ضمن میں ایک تفصیلی ہیلتھ پالیسی کی تیاری پر کام جاری ہے جس میں بنیادی حیثیت محکمہ کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف ودگر عملے کی کارکردگی اور مریضوں کے علاج معالجے ، ادویات کی فراہمی، بہتر اور منظم مانیٹرنگ وربط سازی کے اہداف حاصل ہوسکیں گے۔

انہوں نے اس مد میں نیوٹریشن پروگرام کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ہیلتھ سسٹم کو مربوط بنانے کا کہا جس پر نیوٹریشن پروگرام کی ٹیم نے ہر ممکن تعاون واستعداکار کی فراہمی کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ سیکریٹری صحت نے بتایا کہ ایک جامع منصوبہ جس میں ایک یونیورسل ایکسیس نمبر کا حصول یقینی بنایا جارہا ہے جس میں صحت سے متعلق شکایات اور ان کے ازالے کا خودکار نظام رائج ہوگا جو 24گھنٹے خدمات سرانجام دیتا رہے گا اور لوگ اس میں شکایات کا اندارج کرواسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :