پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، کھیل کی دنیا میں بھی پاکستان نے عالمی سطح پر بہت نام کمایا،میئر لندن صادق خان

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:02

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، کھیل کی دنیا میں بھی پاکستان نے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح کھیل کی دنیا میں بھی پاکستان نے عالمی سطح پر بہت نام کمایا اور آج بھی باصلاحیت کھلاڑی اپی بھرپور اہلیت کا اظہار کرکے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، یہ امر قابل تحسین ہے کہ آج پاکستان کی خواتین دیگر شعبوں کی ظرح کھیلوں میں بھی شانہ بشانہ شریک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مستحق بچوں کے لئے برٹش قونصل کی دوستی پروجیکٹ کے تحت نمائشی کرکٹ میچ کے موقع پر کہی۔ برٹش ڈپٹی ہاکی کمیشن کے احاطہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف، ممتاز ویمن بیٹسمین جوریہ اور اپنے دور کے عظیم اسکواش کھلاڑی وسابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میچ میں صادق محمد نے عمدہ بولنگ کا بھی مظاہرہ کیا جبکہ ٹیسٹ کپتان نے وکٹ کیپنگ اور جہانگیر خان نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ لندن کے میئر نے کہا کہ ایک اچھے معاشرے کی تشکیل کے لئے مثبت سرگرمیوں میں اسپورٹس کا کلیدی کردار ہوتا ہے، مستحق بچوں کو سوسائٹی کا عضو معطل سمجھنے کی بجائے ان کے کردار کی تعمیر کی جانی چاہئے۔ صادق خان نے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

انہوں نے ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قومی امید ہے کہ وہ مستقبل میں کرکٹ کے میدان میں پاکستان کو فتوحات سے ہمکنار کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ صادق خان نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ اب زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح پاکستان میں کھیلوں میں بھی خواتین کا کردار بڑھ رہا ہے اور وہ مردوں کے شانہ بشانہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر رہی ہیں۔