واٹربورڈ میں تمام معاملات میرٹ ،مروجہ قانون او ر قواعد و ضوابط کے تحت چلائے جارہے ہیں، ایم ڈی واٹربورڈ

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ واٹربورڈ میں تمام معاملات میرٹ ،مروجہ قانون او ر قواعد و ضوابط کے تحت چلائے جارہے ہیں ،واٹربورڈ ملازمین کی ترقی، تعیناتی،طبی سہولیات سمیت دیگر مراعات و معاملات کے سلسلے میں بھی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر اقدامات کئے جائیں، قواعد و ضوابط کے تحت واٹربورڈ ملازمین کو بلاکسی امتیاز و تخصیص ان کے جائز حقوق فراہم کیئے جائیں گے،ملازمین کی پرسنل فائیلیںاور سروس بک کو فوری مکمل اور ان کی کارکردگی کی سالانہ مخفی رپورٹ ملازمین کے خلاف ادارہ جاتی اینٹی کرپشن یا عدالتی کارروائی نہ ہونے کے سر ٹیفکیٹ سمیت متعلقہ اداروں کے سربراہان کو بھیجی جائیں تاکہ ملازمین کومیرٹ اور ریکورٹمنٹ رولز کے مطابق ترقی دینے کا عمل رواں ماہ مکمل کیا جاسکے،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے ایچ آر ڈی اینڈ اے کے افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے، آر آر جی اختر غوری کو ہدایت کی ہے کہ ایک سے 16 گریڈ کے ملازمین کو سینیارٹی کے مطابق ان کے اگلے گریڈ میں ترقی دینے کا عمل رواں ماہ مکمل کرلیا جائے فوری ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی ٹو تشکیل دی جائے ،آئندہ ماہ گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین کو خالی اسامیوں پر ترقی دینے کیلئے فوری طور پر اقدامات کا آغازکردیا جائے ،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ میں نظم و ضبط قائم اور ملازمین کو قواعد کے مطابق حاصل سہولیات کی فراہمی میں میرٹ کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے، ایک سے 16 گریڈ کی خالی پوسٹوں پر ملازمین کو ان کے اگلے گریڈ میں میرٹ کے مطابق ترقی دینے کا عمل رواں ماہ مکمل کرلیا جائے،انہوںنے کہا کہ واٹربورڈ ملازمین ملک کے سب سے بڑے شہر کو فراہمی نکاسی آب کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے دن و رات محنت کررہے ہیں ،ان کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی ہمار اولین فرض ہے جس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا تاخیر کسی صورت منظور نہیں ہے ،انہوںنے کہا کہ دوران ڈیوٹی وفات پانے والے واٹربورڈ کے جن ملازمین کے بچوں اور بیواو ٴں کوکچھ عرصہ قبل کوٹے کے تحت ملازمتیں فراہم کی گئی تھیں ان کی کارکردگی، حاضری اور کام میں دلچسپی سے متعلق فرداً ًفرداًمکمل سرٹیکفکیٹ طلب کئے جائیں، اس موقع پر ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے و آر آر جی نے ایم ڈی واٹربورڈ کو بتایا کہ ملازمین کو دستیاب خالی اسامیوں پر ترقی دینے کیلئے اقداما ت کا پہلا مرحلہ بہ احسن و خوبی مکمل کرلیا گیا ہے، ایچ آر ڈی اینڈ اے ڈپارٹمنٹ نے گزشتہ دنوں میرٹ کے مطابق سینیارٹی لسٹوں کا اجراء کیا تھا ، ملازمین کو جاری کردہ لسٹوں پر اعتراضات کے خلاف اپیل کرنے کے لئے بمعہ ثبوت درخواستیں جمع کرانے کیلئے قواعد کے مطابق 15یوم کا وقت دیا گیاتھا ،مقررہ مہلت گزرنے کے بعد ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے جمع کرائی جانے والی اپیلوں اور ان کے ساتھ فراہم کردہ ثبوتوں کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد اعتراضات نمٹا کر حتمی سینیارٹی لسٹیوں کا اجراء کردیا تھا،علاوہ ازیں پہلی بار 40 ڈیڈ کیڈرز کی میرٹ لسٹ بھی تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق ڈیڈکیڈرز سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی درخواستوں کی سنوائی اور ان کے مسائل کے حل میں حائل مشکلات کا خاتمہ ہوسکے گا، واٹربورڈ ملازمین کو میرٹ کے مطابق ترقیاں دینے کیلئے ڈپارٹمنل پرموشن کمیٹی II کا اعلان جلد کردیا جائے گا اس سلسلے میں تمام شعبہ جات کے سربراہان و متعلقہ افسران کو ایک مراسلہ کے ذریعہ ہدایت کردی گئی ہے کہ ملازمین کی پرسنل فائل ریکارڈ اور سروس بک کو فوری مکمل کرکے کارکردگی کی سالانہ مخفی رپورٹ ملازمین کے خلاف ادارہ جاتی اینٹی کرپشن یا عدالتی کارروائی نہ ہونے کے سرٹیفکیٹ سمیت فوراً روانہ کی جائیں،انہوںنے کہا کہ پرموشن کا عمل کو سوفیصد صاف و شفاف بنایا گیا ہے ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر اس ماہ گریڈ ایک سے 16تک کے ملازمین کو خالی اسامیوں پر ترقی دیدی جائے گی جبکہ اس سے اوپر کے ملازمین کی ترقی کے لئے بھی عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔

#