کراچی پولیس کی کاروائی، ہیروئن بیچنے والی عورت سمیت 11 ملزمان گرفتار

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) پولیس نے مختلف علاقوں سے ہیروئن فروخت کرنے والی عورت سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، نقدی، موبائل فون، منشیات، ایرانی ڈیزل، دوائیں، لیپ ٹاپ، اسپیئر پارٹس، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سلیم عرف موٹا ، سجاد عرف راجا ، یاسین اور صادق شامل ہیں۔

منگھوپیر پولیس نے ناردرن بائی پاس مائی گاڑی کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی آنیوالی سدا بہار کوچ کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان جس میںدوائیں ، لیپ ٹاپ، بال بیئرنگ ، ٹائر اور اسپیر پارٹس سمیت دیگر اشیا شامل ہیں ضبط کرلیا۔ 2 ملزمان بشیر احمد اور محمد ابراہیم کو گرفتار کر کے کوچ بھی پولیس نے قبضے میں لے لی۔

(جاری ہے)

ایس پی اورنگی ڈویڑن عابد بلوچ نے بتایا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بھاری مالیت کے سامان کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا۔ منگھوپیر پولیس نے دوسری کارروائی کے دوران حب ڈیم روڈ سے موٹر سائیکل لفٹر دین محمد کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی جب کہ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ایک ملزم وقارعرف موٹا کو گرفتار کر کے اسلحہ اور نقدی برآمد کرلی۔

ایس ایس پی کورنگی نمعان صدیقی نے بتایا کہ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈیفنس ، کورنگی صنعتی ایریا، کورنگی ، عوامی کالونی اور لانڈھی کے علاقے میں بینک سے نقدی نکلوا کر جانے والے شہریوں کو سر راہ اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر نقدی لوٹ کر فرار ہوجاتا تھا۔ادھر سرجانی ٹاؤن پولیس نے ناردرن بائی پاس کے قریب مشتبہ مزدا ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں میں بھرا ہوا 800 لیٹرایرانی ڈیزل برآمد کر کے ڈرائیور وہاب کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب موچکو پولیس نے حب ریور روڈ پر پجیرو جیپ کو روک کر اس کی سیٹ کے نیچے بنے ہوئے خفیہ ٹینک سے ایک ہزار لیٹر سے زائد ایرانی ڈیزل برا?مد کر کے ڈرائیور راشد علی کو گرفتا رکرلیا جب کہ ملیر سٹی پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پرچھاپہ مار کارروائی کے دوران ہیروئن فروخت کرنے والی عورت حسینہ کو گرفتار کر کے 50 سے زائد ہیروئن کے ٹوکن برآمد کرلیے۔#

متعلقہ عنوان :