گورنر سندھ سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ملاقات ، دونوں صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر گفتگو

صوبہ میں امن و امان کے قیام کے بعد معاشی خوشحالی کے ایجنڈے پر کاربند ہیں، کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور منی پاکستان ہے،کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے،امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں، گورنر سندھ صوبہ سندھ میں معاشی خوشحالی کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات خوش آئند ہے، رفیق رجوانہ کی گفتگو

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:00

گورنر سندھ سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ملاقات ، دونوں صوبوں کے درمیان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،سماجی شعبہ کی ترقی کے اقدامات،دونوں صوبوں میں مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور معاشی خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کے قیام کے بعد معاشی خوشحالی کے ایجنڈے پر کاربند ہیں ، وفاق کے تعاون سے صوبہ کے اضلاع ٹھٹھہ ، جیکب آباد، حیدرآباد ، ٹنڈو محمد خان او ر کراچی میں اربوں روپے کی مالیت سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے ، منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی مزید بہتر ہو گا ، ترقیاتی پیکج میں تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اس ضمن میں وزیر اعظم اسکیم کے تحت غریب لوگوں کو ہیلتھ کارڈز اور جامعات میں طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور منی پاکستان ہے،کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے،امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے، معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت اثرات کراچی کے شعبوں میں حاصل ہو رہے ہیں جہاں نئی صنعتوں کے قیام ، نجی سیکٹر کے فعال کردار اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہاہے۔

ملاقات میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں معاشی خوشحالی کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات خوش آئند ہے ، وفاق کے تعاون سے صوبہ کی ترقی یقینی ہے ، صوبہ پنجاب کی تعمیر و ترقی کے لئے بھی مزید اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ صوبہ میں تعلیم ،صحت اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری ہر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔#