گورنر سندھ سے ایران کے سفیر کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات کی بہتری پر گفتگو کی گئی

ایرانی سرمایہ کاری سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، گورنر سندھ خواہش ہے کہ ایرانی سرمایہ کار بھی صوبہ با الخصوص کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اور معاشی خوشحالی کی ضمانت سی پیک میں سرمایہ کاری کریں ،، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد گوادر کے بعد کراچی سب سے زیادہ تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد گوادر کے بعد کراچی سب سے زیادہ تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا، گورنر سندھ کی ایرانی سفیر سے گفتگو

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:00

گورنر سندھ سے ایران کے سفیر کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات کی بہتری پر گفتگو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک ایران دو طرفہ تعلقات احترام ، باہمی مفادات کے تحفظ ،بھائی چارہ اور اسلامی اخوت کے گہرے رشتہ پر قائم ہیں ، ایران نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا یہ مستحکم تعلقات کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سرمایہ کاروں کی کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی خوش آئند ہے ،پاکستانی حکومت ایران سے سرمایہ کاری ، تجارتی اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے مزید فروغ کی خواہشمند ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر ایران کے قونصل احمد محمدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،سماجی شعبہ میں ایرانی تعاون ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ خواہش ہے کہ ایرانی سرمایہ کار بھی صوبہ با الخصوص کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اور معاشی خوشحالی کی ضمانت سی پیک میں سرمایہ کاری کریں اس ضمن میں ایرانی سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن مدد اور تعاون بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کلیدی کردار ادا کررہے ہیں جو کہ دو طرفہ مفاد کے لئے خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطہ کا اہم شہر ہے، امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد گوادر کے بعد کراچی سب سے زیادہ تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ اس کا واضح مظہر ہے اس ضمن میں ایران کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے فائدہ ا ٴْٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی حالات کے تناظر میں پاک ایران اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، خطہ سے غربت ، بے روزگاری کے خاتمہ اور علاقائی استحکام کے لئے پاک ایران تعاون اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہوئی ہے، حکومت کی معاشی پالیسی کے ہر شعبہ میں مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں ، سرمایہ کاری ، تجارت ، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ نجی سیکٹر بھی فعال کردار ادا کررہا ہے۔

ملاقات میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے بتایا کہ پاک ایران دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے حکمرانوں سمیت عوام بھی خواہش مند ہیں،عوامی سطح پر قائم تعلقات مستقبل ، گہرے اور مضبوط ہوتے ہیں اس ضمن میں پاک ایران تجارت ، سرمایہ کاری اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، ایرانی سرمایہ کارکراچی میں توانائی ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بین الاقوامی کمپنی پاکستان جیسی بڑی مارکیٹ کو نظر انداز نہیں کر سکتی، صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔