ایران امریکا اور دیگر ملکوں کے دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے خطے میں تعاون اور تجارت کا خواہشمند ہے،ایرانی سفیر

چاہ بہار بندرگاہ خطے میں تجارت بڑھانے میں معاون اور مدد گار ثابت ہوگی پاکستان کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،ہم سب سے زیادہ اسلامی رشتے کو اہم سمجھتے ہیں ، ایران کسی بھی مسلم ممالک کو تنہا نہیں کرنا چاہتا،پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کی پریس کانفرنس

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ ایران ،امریکا اور دیگر ملکوں کے دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے خطے میں تعاون اور تجارت کا خواہشمند ہے ،حال ہی میں آپریشنل ہونے والی بندرگاہ چاہ بہار خطے میں تجارت بڑھانے میں معاون اور مدد گار ثابت ہوگی ،ایران مسلم ممالک کے درمیان بہتر اور مضبوط تعلقات چاہتا ہے ،وہ جمعہ کو پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر کلب کے صد ر سراج احمد اور سیکریٹری مقصود یوسفی نے ایرانی سفیر کا خیر مقدم کیا اور انہیں کلب کا نشان اور اجرک پیش کی گئی ،ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت میں اضافہ ہورہا ہے ،دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطہ بڑھانا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ،اسی طرح ایران میں بھی نوجوان اکثریت میں ہیں،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اچھا ہے اس سے پوری دنیا تجارتی فائدہ اٹھاسکتی ہے ،لیکن خطے کے ممالک کے لئے منصوبہ زیادہ سود مند ہوگا،انہوں نے کہا کہ چاہ بہار بندرگاہ کا منصوبہ دیر سے مکمل ہونے کی اہم وجہ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیا ں ہیں،لیکن ہم نے امریکہ کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اس منصوبے کو مکمل کیا ہے،ہمیں خطے کے ممالک کا مفاد عزیز ہے ،ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم خطے کی فارن پالیسی پر تعاون چاہتے ہیں،تاکہ ان ملکوں کے درمیان بہتر رشتے قائم ہوں،انہوں نے کہا کہ ایران ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے جو کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور اپنی خودمختاری اور سالمیت کو قائم رکھنے کے لئے ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی تیسری نسل کا مستقبل دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات سے منسلک ہے ،ایران چاہتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ قائم دیرینہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں،انہوں نے کہا کہ وہ کراچی میں موجودگی کے دوران مختلف تاجروں کے وفود سے ملاقات کریں گے ،اس سلسلے میں ان کے اعزا ز میں اعشائیہ بھی دیا جارہا ہے ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران کی سرزمین کبھی بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ،اگر چہ جس بندرگاہ کا افتتاح کیا گیا ہے اس میں بھارت اور افغانستان بھی شامل ہیں ،لیکن پاکستان کی اپنی اہمیت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،ہم سب سے زیادہ اسلامی رشتے کو اہم سمجھتے ہیں اور نہیں چاہتے ہیں کہ کسی بھی مسلم ممالک کو تنہا کیا جائے۔

#

متعلقہ عنوان :