صاف دیہات پروگرام ۔ڈپٹی کمشنر کا تین چکوک کااچانک معائنہ۔صفائی ستھرائی کاتفصیلی جائزہ لیا

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:00

خانیوال۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے ضلع خانیوال میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے تحت جاری صفائی مہم کے سلسلہ میں تین چکوک چک شانتی نگر کا اچانک معائنہ کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی ودیگر سرکاری افسران بھی موجو دتھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے دونوں چکوک میں نالیوں کی صفائی ‘کوڑا کرکٹ اور گلیوں کی صفائی ستھرائی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

انہوں نے چک نمبر 92/10Rمیں سیکرٹری یونین کونسل کو ہدایت کی کہ وہ اپنی یونین کونسل میں صفائی مہم کے عمل کو تیز کرکے کارکردگی بہتر بنائیں آئندہ اگر کارکردگی متاثر پائی گئی تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائیگا جبکہ شانتی نگر میں معائنہ کے دوران انہو ںنے سیکرٹری یونین کونسل اور محکمہ مال کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گلیوں او ربازاروں میں ناجائزتعمیرات کرنیوالوں کو صفائی بارے ذاتی طور پر آگاہی فراہم کریں تاکہ وہ ازخود ناجائزتجاوزات اور رکاوٹیں دور کرکے صفائی کے عمل میں شریک ہوں بصورت دیگر ایسے غیر ذمہ دار عناصر کیخلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے سیکرٹریز یونین کونسلز کو ہدایت کی کہ وہ خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے یہاں کے بسنے والوں لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کیساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے عمل میں شریک کریں تاکہ دیہاتوں کے آلودہ ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے اور خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے تحت یہاں کے رہنے والوں کو صحت و تندرستی کے مواقع میسر آئیں اور وہ مفید شہری بن کر ملک کی ترقی ‘قوم کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔