وزیراعظم نے بی آئی ایس پی کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی

پروگرام کے تحت نقد رقوم حاصل کرنے والوں کو اپنا روزگار کمانے کے قابل بنانے کے لئے جامع گریجویشن حکمت عملی وضع کی جائے شاہد خاقان عباسی کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بارے میں اجلاس میں ہدایت اے ڈی بی، عالمی بینک ، ڈی ایف آئی ڈی سمیت بین الاقوامی برادری، امدادی و ترقیاتی اداروں نے پروگرام کی شفافیت اور افادیت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم کو بریفنگ

جمعہ 8 دسمبر 2017 22:49

وزیراعظم نے بی آئی ایس پی کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو ہدایت کی ہے کہ پروگرام کے تحت نقد رقوم حاصل کرنے والوں کو اپنا روزگار کمانے کے قابل بنانے کے لئے جامع گریجویشن حکمت عملی وضع کی جائے جبکہ بی آئی ایس پی کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزیراعظم آفس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن ماروی میمن، وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد، سیکریٹری بی آئی ایس پی عمر حامد خان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو بی آئی ایس پی کے تحت نقد رقوم کی منتقلی اور وسیلہ تعلیم پروگرام سمیت مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیااور بتایا گیا کہ اب تک نقد رقوم پروگرام سے 56 لاکھ خاندانوں جبکہ وسیلہ ء تعلیم پروگرام سے 18 لاکھ بچوں نے استفادہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اے ڈی بی، عالمی بینک اور ڈی ایف آئی ڈی سمیت بین الاقوامی برادری، امدادی و ترقیاتی اداروں نے غربت کے خاتمے اور معاشرے کے غریب طبقے کی مدد کے لئے پروگرام کی شفافیت اور افادیت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چار اضلاع میں پائلٹ مرحلے اور 10 اضلاع میں گھر گھر سروے کی کامیاب تکمیل کے بعد قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) سروے فروری 2018ء میں ملک کے دیگر حصوں میں شروع کیا جائے گا اور یہ مئی 2018ء میں مکمل ہوگا۔

وزیراعظم نے بی آئی ایس پی کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی جس سے نازک میزانیاتی عرصوں میں مالیاتی تسلسل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور یہ فنڈ سٹرکچر کے بارے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کے لئے رقوم جمع کرنے میں بھی معاون ہوگا۔

متعلقہ عنوان :