گجرات شہر کے تاریخی رام پیاری محل کی تزئین وآرائش، سیکرٹری سپورٹس ،ٹورازم اینڈ آرکائیو کا ڈی سی کے ہمراہ شہر کا دورہ

جمعہ 8 دسمبر 2017 22:34

لالہ موسیٰ۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء)گجرات شہر کے تاریخی رام پیاری محل کی تزئین وآرائش کا کام جلد شروع کیا جائیگا،پبلک لائبرئری، میوزیم، آرٹ گیلری اور ادبی سرگرمیوں کیلئے کافی روم قائم کیا جائے گا،ظہور الہی اسٹیڈیم میں فلڈلائٹس کی تنصیب ،ای لائبرئری کو جلد فنکشنل کر دیا جائے گا، سپورٹس جمنزیم کو کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ فعال کردار ادا کرے، سپورٹس اسٹیڈیم جلالپور جٹاں کیلئے درکار فنڈز کی سمری بھجوائی جائے، یہ ہدایات سیکرٹری سپورٹس ،ٹورازم اینڈ آرکائیو پنجاب محمد عامر جان نے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کے ہمراہ تاریخی رام پیاری محل کے دورے کے موقع پر جاری کیں،چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر،ایم پی اے چوہدری شبیر احمد، اے ڈی سی جی سعدیہ مہر،ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم حسین بٹ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سید غلام عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس وا ٓرکائیولوجی نے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ رام پیاری محل کی تزئین وآرائش کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے، محل کو میوزم کا درجہ دیا جائے گا اور یہاں گجرات کی تاریخی نوادارت رکھی جائیں گی اسی طرح محل میں مطالعہ کا ذوق رکھنے والوں کیلئے پبلک لائبرئری کے قیام کا بھی منصوبہ ہے جس کیلئے متعدد موضوعات پر کتابیں پہلے ہی خریدی جاچکی ہیں، رام پیاری محل میں آرٹ گیلری کے قیام کا مقصد فنون لطیفہ کی ترویج اور مقامی آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی ہے جبکہ کافی روم علمی و ادبی مرکز ہوگا ۔

انہوںنے ہدایت کی کہ منصوبہ کے حوالے سے فوری طور پر سمری حکومت پنجاب ، وزارت آرکائیو کو بھجوائی جائے۔ ظہور الہی اسٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر سیکرٹری سپورٹس نے ڈی ایس او کو ہدایت کی کہ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کیلئے فوری طور پر سمری حکومت کو بھجوائی جائے، کوشش ہوگی کہ چند ماہ میں ظہور الہی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس فراہم کر دی جائیں۔

انہوںنے کہا کہ سپورٹس جمنزیم میں ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، اتھلیٹکس سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، سپورٹس آفیسر اور انچارج جمنزیم کی ممبر شپ میں اضافہ کیلئے اقداما ت کریں۔ سیکرٹری سپورٹس نے ای لائبرئری کے تعمیراتی معیار کو زبردست سراہا اور ہدایت کی کہ لائبرئری کی الیکڑیفیکشن سمیت بقیہ کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوںنے سپورٹس اسٹیڈیم جلالپور جٹاں کے لئے فنڈز کی عدم دستیابی کا فوری نوٹس لیا اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کو ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے درکار فنڈز کے حوالے سے فوری آگاہ کیا جائے تاکہ جلد سے جلد فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔