وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کی بلا تخصیص جنگ لڑی، گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ

جمعہ 8 دسمبر 2017 22:20

وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کی بلا تخصیص جنگ لڑی، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کی بلا تخصیص جنگ لڑی ہے، موجودہ حکومت ملک کو جمہوریت کی پٹری پر رواں دواں رکھنے کے لئے وکلاء کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے دیئے جانے والے استقبالیہ میں وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سلیم منگریو، سیکرٹری ریحان ملک، محمد اسلم بھٹہ، عمر فاروق، صدر کراچی بار شیخ جاوید میر اور جوائنٹ سیکریٹری منصور میر کے علاوہ وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے وکالت کے پیشے سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار کی جو اہمیت ہے وہ کسی سرکاری عہدے میں نہیں۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ بار لائبریری کا معائنہ کرتے ہوئے بار کے عہدے داروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ورکنگ ماحول بہتر ہونے سے وکلاء کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائلین کی سہولیات کے لیے بھی ایسا پرکشش ماحول پر مبنی منصوبے تشکیل دیئے جائیں ، خصوصا فیملی کورٹس میں بچوںکے لئے پلے لینڈ بنایا جائے تاکہ بچوں کی بہتر نگرانی اور انہیں تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میاں بیوی کے علیحدگی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے اور انہیں اپنے تعلقات بحال کرنے کے مواقع بھی میسر آسکیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ احتجاج کا حق تمام پارٹیوں کو حاصل ہے مگر آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے اگر یہ احتجاج کیا جائے تو کسی کا بھی حق متاثر نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ملک کے حالات کشیدہ نہیں بلکہ کشیدہ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے فروغ اور بروقت انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ تمام پارٹیاں اپنے منشور پر کاربند رہیں۔

قبل ازیں ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب دین کے دفتر میں گورنر پنجاب کا والہانہ استقبال کیا گیا اور سندھ بھر کے ضلعی بارز کے عہدیداروں بشمول مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر بابو سرفراز خان جتوئی، محمد اسلم بھٹہ، کے کے جاوید، زبیر سمیجو، شازیہ ملک، بے نظیر بہر اور دیگر وکلاء نے گورنر کو سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب سے محمد اسلم بھٹہ کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے 15 رکنی وفد نے گورنر ہائوس سندھ میں ملاقات کی اور اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیوں سے متعلق مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر بابو سرفراز خان جتوئی بھی شامل تھے۔ گورنر نے قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی میں کراچی سمیت سندھ بھر کے وکلاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت مثبت سوچ رکھتی ہے اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن رکھنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقوں کے ساتھ رواداری اور باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی منزل پاکستان کی ترقی ہے اور اس منزل کے حصول کے لیے ملک کی تمام پارٹیوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہو گی۔