بیت المقدس کے حوالے امریکی فیصلہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس سے خطہ کے امن و استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوںگے، آفتاب احمد شیرپائو

جمعہ 8 دسمبر 2017 21:59

بیت المقدس کے حوالے امریکی فیصلہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے بیت المقدس کے حوالے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلہ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطہ کے امن اور استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوںگے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھانہ مانڑی پشاور شہر میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پشاور شہر کے معروف سیاسی شخصیت الحاج عمردراز خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا،اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو دیگر صوبائی اور پشاور سٹی کے عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔

آفتاب شیرپائو نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلہ کو واپس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو شدیدٹھیس پہنچی ہے اور یہ عمل مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپائو نے امریکی اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرارداد کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینی مسئلہ پر عالمی اتفاق رائے کی خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے اس مسئلہ پر ترکی کے صدر طیب اردگان کی جانب سے اسلامی کانفرنس بلانے کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کو بھی تمام سطحوں پر سختی کے ساتھ اس کی مزمت کرنی چاہیے اور امریکی فیصلہ کے خلاف ٹھوس سفارتی اقدامات کرنے میں او آئی سی کو فوری طور پر متحرک کرنا چاہیے۔ انھوں نے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ انضمام کے سوا کوئی دوسرا آپشن قابل قبول نہیں۔

انھوں نے کہا کہ قبائیلی عوام پاکستانی شہری ہونے کے باوجود تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتیں فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام پر متفق ہیں تو پھر مسئلہ کیا ہے کہ اب تک اس ایشو کو لٹکایا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ساڑھے چارکا عرصہ نان ایشوز میں ضائع کیا اور اب بے وقت اور بغیر منصوبہ بندی کے منصوبے شروع کر رہی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی بجائے ذہنی کوفت میں مبتلا کردیا گیا۔

انھوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگی اجیرن بنادی اور پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جو دراصل عوام کی خدمت نہیں بلکہ آنے والے الیکشن کمپین ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر انتخابی مہم کے سوا کچھ نہیں۔

آفتاب شیرپائو نے صوبہ میں ہر طرف پھیلی بد امنی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے۔انھوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشتگردی کے خلاف صوبہ کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن حکومت نے ابھی تک ان کی جان و مال کی حفاظت کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔