گوادر پورٹ , انڈسٹریل اسٹیٹ اور سی پیک کی کامیابی روشن پاکستان کی ضمانت ہے ۔ مشاہد حسین سید

گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ شاہ زمان خان غلزئی جیڈا انڈسٹریلیسٹ الاٹیز ایسوسی ایشن کے وفد کی چیئر مین سی پیک سے ملاقات

جمعہ 8 دسمبر 2017 21:54

گوادر پورٹ , انڈسٹریل اسٹیٹ اور سی پیک کی کامیابی روشن پاکستان کی ضمانت ..
اسلام آباد+کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2017ء) گوادر ڈیپ سی پورٹ ، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اور سی پیک کی کامیابی ہی روشن اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ۔ حکومت چین نے سی پیک بشمول گوادر انڈسٹریل زون کی تیز ترین ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مشاہد حسین سید چیئر مین اسٹینڈنگ کمیٹی سینٹ برائے سی پیک نے جمعہ کے روز اپنے چیمبر میں جیڈا انڈسٹریلسٹ الاٹیز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا ۔

وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر شاہ زمان خان غلزئی نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ہما غزل او ر انفارمیشن سیکریٹری محمد محسن کمال بلوچ وفد میں شامل تھے ۔ اس موقع پر جیڈا انڈسٹریلسٹ الاٹیز کے مرکزی صدر شاہ زمان غلزئی نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے الاٹیز کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ زمان خان نے بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں گزشتہ بارہ برس سے تا حال صنعتکاروں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے وہاں فیکٹریوں کا قیام تاخیر کا شکار ہے ۔

لہذا وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے چائیں کیونکہ سرمایہ کاروں کے کروڑوں ، اربوں روپے یہاں انویسٹ ہو چکے ہیں ۔ اس موقع پر چیئر مین سی پیک مشاہد حسین سید نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ذاتی طور پر اور حکومتی سطح پر تمام مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اس ضمن میں جلد تمام مسائل کے حل کے لیے بات کریں گے ۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے جیڈاالاٹیز کے وفد کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس براے سی پیک میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ۔ آخر میں وفد نے مشاہد حسین سید چیئر مین سی پیک کو اپنے ہر ممکنہ تعاون کایقین دلایا ۔