وزیر اعلیٰ پنجاب کا بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 8 دسمبر 2017 21:32

وزیر اعلیٰ پنجاب کا بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ د ن منانے کا مقصد عوام میں کرپشن کیخلاف شعور بیدار کرنا اوراسکے منفی نتائج سے آگاہ کرنا ہے۔ کرپشن ایک سماجی ظلم اورعوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے جس سے معاشرے میں عدم اطمینان اور مایوسی پھیلتی ہے اور کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتی امور میں شفافیت اورکرپشن کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات کے باعث عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے اوربدعنوانی کے خاتمے کیلئے ہماری کاوشوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیاہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔محکمہ صحت، تعلیم اورپولیس سمیت تمام اداروں میں بھرتیاں صرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ میرٹ پر بھرتی ہونے والے ہی کرپشن سے دور رہتے ہیں اورمیرٹ کی حکمرانی یقینی بناتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اورپنجاب حکومت نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کوحکومت کیساتھ مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔انہوںنے کہاکہ وقت کا تقاضاہے کہ ہم ترجیحی بنیادوں پر معاشرے کوکرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے مربوط، موثر اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن حکومتوں اورانسداد بدعنوانی کے اداروں کو معاشرتی فرض سے نبردآزما ہونے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیئے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئیی!اس لعنت کے خاتمے کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا عہد کریں۔

متعلقہ عنوان :