شہر کے تمام اضلاع میں اسپرے مہم جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے،میئر کراچی وسیم اختر

گزشتہ آٹھ سالوں میں لاکھوں ٹن کچرا جمع ہونے کے باعث شہر میں کئی بیماریوں نے جنم لیا جس میں ڈینگی، چکن گونیا، ملیریا، ڈائریا اور دیگر بیماریاں شامل ہیں

جمعہ 8 دسمبر 2017 21:26

شہر کے تمام اضلاع میں اسپرے مہم جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے تمام اضلاع میں اسپرے مہم جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے، گزشتہ آٹھ سالوں میں لاکھوں ٹن کچرا جمع ہونے کے باعث شہر میں کئی بیماریوں نے جنم لیا جس میں ڈینگی، چکن گونیا، ملیریا، ڈائریا اور دیگر بیماریاں شامل ہیں ، مختلف علاقوں سے کچرے کا بیک لاگ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اسپرے مہم بھی شروع کردی گئی ہے ، ضلع وسطی سے بحریہ ٹائون کے تعاون سے دو لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جاچکا ہے اور اب ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے لیکن ڈینگی اور چکن گونیا کے خلاف اسپرے مہم کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت شروع کی گئی ہے یہ بات انہوں نے محکمہ میونسپل سروسز کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ اسپرے مہم کے دوران جن مقامات پر اسپرے کرنے والی گاڑیوں کا جانا دشوار ہو وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے ممکن بنایا جائے، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز اپنے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ اسپرے مہم کو موثر انداز میں کامیاب بنائیں اور اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ عوام میں بھی شعور اور آگاہی بیدار کی جائے اور جن علاقوں سے اسپرے نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں وہاں فوری طور پر اسپرے ٹیم روانہ کی جائے تاکہ شہر کا کوئی بھی علاقہ اسپرے سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر ترتیب دیئے گئے شیڈول کے مطابق اسپرے مہم جاری ہے، اسپرے مہم کو موثر اور کامیاب بنانے کے لئے ضلعی میونسپل انتظامیہ کا تعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے تاکہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے شہر کے تمام حصوں میں برابری کی بنیاد پر جراثیم کش اسپرے کا کام انجام دیا جا سکے، اس حوالے سے جمعہ کی شام ضلعی میونسپل کارپوریشن ملیر کے علاقے دائود چورنگی اور اطراف میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا اس موقع پر ڈی ایم سی ملیر کے چیف سینیٹری انسپکٹر کامران احمد ،ڈسٹرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد اشرف بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیاز احمد پلیجو، سکندر کاظمی، ڈائریکٹر فیومیگیشن گڈاپ شفیع محمد،موٹر وہیکل انسپکٹر سلمان قادری سمیت ضلعی میونسپل کارپوریشن ملیر اور ضلعی کونسل کے دیگر ممبران اور عملہ بھی موجود تھا، شہر کے مختلف مقامات پر سیوریج کے پانی کی موجودگی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بیماریاں پھیل رہی تھیں جس کا میئر کراچی وسیم اختر نے فوری طور پر نوٹس لیا اور متعلقہ محکمے کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہر کے مختلف اضلاع میں اسپرے مہم کو شیڈول کے مطابق جاری رکھیں اور روزانہ شہر کے ایک ضلع میں واقع تمام یونین کونسلوں میں اسپرے کیا جائے، شہر بھر میں جاری اسپرے مہم میں اسپرے کرنے والی کئی گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ اسپرے کے تمام کام کی نگرانی متعلقہ افسران خود موقع پر موجود ہو کر کر رہے ہیں اور روانہ کی بنیاد پر شہر کے ایک ضلع میں واقع تمام یونین کونسلوں میں اسپرے کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :