حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں،رانا سکندر حیات خاں

جمعہ 8 دسمبر 2017 20:15

قصور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) چیئر مین ضلع کونسل قصوررانا سکندر حیات خاں نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عام آدمی کوصحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں ‘صاحب ثروت افراد اور اداروں کو صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیے تا کہ عام آدمی کو اسکی دہلیز پر صحت کی تمام بنیادی سہولیات میسر آسکیں ‘پنجاب حکومت کے شعبہ صحت میں کئے گئے تاریخی اقدامات قابل ستائش ہیں ۔

یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور میں دیہی علاقوں میں حاملہ خواتین کیلئے خادم پنجاب دیہی ایمبو لینس سروس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد السلام عارف ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ‘چیئر مین یونین کونسلز ملک یاسین ‘سردار سر فراز ڈوگر ‘جمال یوسف خان ‘مسلم لیگی رہنما ملک خرم نصراللہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے اپنی جیب سے 5 بنیادی مراکز صحت بھوئے آصل ‘مدر چیک 26‘جمبر خورد ‘سرائے مغل ‘خانکے موڑ میں الٹرا سائونڈ مشینیں اوربنیادی مرکز صحت راجہ جنگ کیلئے 1بے بی وارمراوربیڈ بطور عطیہ دیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں تا ہم صاحب ثروت افراد اور اداروں کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ آگے آئیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے شانہ بشانہ فلاحی سرگرمیوں سے سماجی ترقی کی راہیں مضبوط ہوتی ہیں تا ہم عطیات کو صحیح حق داروں تک پہنچانے کے نظام کی موثر مانیٹرنگ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے دروازے عوام الناس کیلئے کھلے ہیں صحت کے شعبے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی فوری ضرورت کو پورا کرنے کیلئے میں ہر وقت تیار ہوں ۔ اس موقع پر خادم پنجاب دیہی ایمبو لینس سروس کی آگاہی کیلئے واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :