مولانا فضل الرحمن کی اپیل پربلوچستان میں بھی امریکی صدر کی طرف سے بیت المقدس کو ا سرائیل کادارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا

جمعہ 8 دسمبر 2017 19:59

مولانا فضل الرحمن کی اپیل پربلوچستان میں بھی امریکی صدر کی طرف سے بیت ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2017ء) جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پرملک بھر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو ا سرائیل کادارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارتخانہ القدس منتقل کر نے کے اعلان کے خلاف ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں یوم احتجاج منایاگیا اوراحتجاجی مظاہرے کئے گئے کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولاناکمال الدین اوردیگر کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جو جناح روڈ، پرنس روڈ، لیاقت بازار ،قندھاری بازار سے ہوتے ہوئے منان چوک پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔

مظاہرین سے مظاہرے سے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولاناکمال الدین ،ضلع کوئٹہ کے کنوینئر حافظ سرا ج الدین ،ایم پی اے مفتی گلاب،مولانا عبدالحنان ،پیر سیف الرحمان ،حاجی عبدالصادق ،حافظ ابراہیم لہڑی،ناصر مسیح ،مفتی عبدالغفور مدنی ،حافظ طاہر زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے عالم اسلام کی غیرت کو چیلنج کیا ہے حکومت کو چاہیے وہ سعودی عرب اور ترکی کو ساتھ ملا کر چیلنج کو جواب دے امریکی سفیر دفتر خارجہ بلا کر شدید احتجاج کیا جا ئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلمان اپنے نظریئے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتاٹرمپ کایہ اقدام یہود دوستی اور مسلم دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر کے اس اعلان سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس کے نتائج پوری دنیا میں منفی ثابت ہوں گے ۔جبکہ کوئٹہ کے علاقے بلوچستان کے تمام اضلاع میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر یوم احتجاج منایاگیااور احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور امریکی پرچم نذرآتش کئے گئے۔

دریں اثناء جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے سے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولاناعبدالغفور حیدری،مولانا فیض محمد،ملک سکندر خان ایڈؤوکیٹ،حافظ حسین احمد،مولانا عصمت اللہ ،مولانا محمد حنیف ،مولانا صلاح الدین ایوبی ،سید فضل آغا،اکرم خان درانی ،مولانا امیر زمان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا اعلان امت مسلمہ کو کھلا چیلنج ہے مسلمان ممالک بالخصوص عرب ممالک امریکی عزائم خاک میں ملانے کیلئے عملی اقدامات کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹر مپ نے یہ اعلان کر کے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔مسلم حکمران متحد ہو کر امریکی فیصلے کیخلاف لائحہ عمل دیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے بین الاقوامی دہشت گرد امریکہ نے مسلمانان عالم کیساتھ کھلم کھلا اعلان جنگ کردیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ عالم عرب اورمسلمان ممالک عملی اقدامات کے ذریعے امریکی عزائم کو خاک میں ملادیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران اپنا رول ادا کرتے ہوئے سلامتی کونسل بالخصوص اوآئی سی پر زور دے کہ وہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی عزائم کو روکنے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے ۔انہوں نے کہاکہ مسلمان قبلہ اول کی حفاظت بھی اپنا فرض سمجھتے ہیںعالمی برادری اور اقوام متحدہ کو بھی اس اقدام کی مذمت کرنی چاہیے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ عالم اسلام امریکہ اس جار حیت کا منہ توڑ جواب دے اور تمام اسلامی ممالک امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کر نے کا اعلان کریں۔