سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وقفہ سوالات کے دوران جوائنٹ سیکرٹری داخلہ کی سطح کے افسر کی عدم موجودگی پر اظہار برہمی

جمعہ 8 دسمبر 2017 17:53

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وقفہ سوالات کے دوران جوائنٹ سیکرٹری ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری کی سطح کے افسر کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ سے متعلق متعدد سوالات کے جوابات نہیں دیئے گئے‘ اس چیز کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ سے متعلق متعدد سوالات کے جواب نہ آنے پر سپیکر نے دریافت کیا کہ اس وقت گیلری میں وزارت داخلہ کا کون سا افسر موجود ہے تو سیکشن آفیسر کی سطح کے ایک افسر نے بتایا کہ وہ وزارت داخلہ کی نمائندگی کے لئے یہاں موجود ہیں جس پر سپیکر نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانچ منٹ کے اندر سیکرٹری داخلہ کو یہاں بلائیں ‘ جوائنٹ سیکرٹری بھی کیوں نہیں آئے۔

آج کے اجلاس کے تمام اخراجات سیکرٹری داخلہ سے وصول کئے جانے چاہئیں۔ ہم یہ برداشت نہیں کریں گے کہ سوالات کے جواب نہ آئیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیر مملکت برائے داخلہ سے کہا کہ وہ سیکرٹری داخلہ کو لے کر ان کے چیمبر میں آئیں، وہ ایسی صورتحال میں اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے، اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔