میرے خیال سے مزید کوئی اور دھرنا نہیں ہونے جارہا،مولانا فضل الرحمن

ملک میں دھرنوں سے صرف بحران پیدا ہوگا،ہرسیاسی جماعت الیکشن کاماحول بنارہی ہے،ہم فلسطینیوں کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں۔میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 8 دسمبر 2017 17:03

میرے خیال سے مزید کوئی اور دھرنا نہیں ہونے جارہا،مولانا فضل الرحمن
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08 دسمبر2017ء) : جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ میرے خیال سے مزیدکوئی اور دھرنانہیں ہونے جارہا،ملک میں دھرنوں سے صرف بحران پیداہوگا،ہرسیاسی جماعت الیکشن کاماحول بنارہی ہے، ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دھرنے ایشوزپردیے جاتے ہیں۔

ملک میں دھرنوں سے صرف بحران پیدا ہوگا۔ ملک بحرانوں کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے مزید کوئی اور دھرنا نہیں ہونے جارہا۔قومی سطح پرہم آہنگی پیداکرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں سی پیک سمیت ملک کے معاشی منصوبے متاثرہوسکتے ہیں۔سربراہ جے یوآئی ف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات قریب ہیں۔

(جاری ہے)

ہرسیاسی جماعت الیکشن کاماحول بنارہی ہے۔

چاہے وہ اپنی سیاسی طاقت کامظاہرہ دھرنوں سے ہی کیوں نہ کرے۔انہوں نے ایک سوال پرکہاکہ ایم ایم اے کومولانا سمیع الحق نے 2007ء میں سب سے پہلے چھوڑاتھا، ان کے جانے سے ایم ایم اے کوکوئی فرق نہیں پڑا۔مولانافضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں ختم نبوت ﷺ کے قانون میں تبدیلی کامسئلہ پیداہوا۔ ختم نبوت ﷺ کا مسئلہ پارلیمنٹ میں ہی پیداہوا اور پارلیمنٹ میں ہی حل ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم فلسطینیوں کے حق میں اپنااحتجاج ریکارڈکرواتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ٹرمپ عقل سے عاری آدمی ہے جس نے عجیب فیصلہ دیا۔پوری دنیامیں اسرائیل کے علاوہ کوئی بھی امریکی صدرکے فیصلے کوتسلیم نہیں کررہا۔