امریکہ اسرائیل اور ہندوستان کا کٹھ جوڑ دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے ‘ٹرمپ کے بیت المقدس بارے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں ‘ اقوام متحدہ نے اسرائیل کو غیر آئینی ریاست قرار دیا ہے ‘اقوام متحدہ کی لاتعداد قراردادیں موجود ہیں‘ مسلم دنیا کے حکمران اپنی خاموشی توڑ کر امریکہ کو بھرپور پیغام دیں ‘اپنے سفراء کو واپس بلا کر امریکہ سے تعلقات ختم کریں

کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل رکن قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کاجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب

جمعہ 8 دسمبر 2017 15:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل اور ہندوستان کا کٹھ جوڑ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے ٹرمپ کے بیت المقدس بارے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں اقوام متحدہ نے اسرائیل کو غیر آئینی ریاست قرار دیا ہے اقوام متحدہ کی لاتعداد قراردادیں موجود ہیں مسلم دنیا کے حکمران اپنی خاموشی توڑ کر امریکہ کو بھرپور پیغام دیں اپنے سفراء کو واپس بلا کر امریکہ سے تعلقات ختم کریں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی صالح طاہر،سابق امیر جماعت اسلامی واجد اقبال عباسی سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ،احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ 56اسلامی ممالک اس فیصلے کے خلاف متحدہو کر ایک آواز بنیں امریکہ اگر ہندوستان کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم وستم اور اسرائیل کی سرپرستی کر کے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے ایسے حالات میں او آئی سی کو اپنا کردارادا کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ ترکی کے صدر طیب اردگان وہ واحدحکمران ہیں جنہوں نے امت مسلمہ کی ترجمانی کرتے ہوئے او آئی سی کا سربراہی اجلاس طلب کیا او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امت کے دیرانہ مسائل فلسطین اور کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا جائے انہوں نے کہاکہ عرب ممالک نے امریکہ کے حکم پرفلسطینیوں کی داخلی تحریک حماس کو دہشت گرد قرار دیا مسلم دنیا کے حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھنا چاہیے اس وقت حق و باطل کا معرکہ جاری ہے انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے لیے مسجد اقصیٰ تیسر ا مقدس مقام ہے استعمار کے قبضے کے خلاف مسلمانوں کو یکجہتی کا اظہار کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی وحدت استحکام کی علامت سلطنت عثمانیہ تھی مسلم دنیا کے حکمران خلاف کی چھتری کو تسلیم کرتے تھے شریعت کا نظام تھا عدالتوں میں شریعت کے مطابق فیصلے ہوتے تھے یہودیوں نے سازش کر کے اس اتحاد کو ختم کیا عربوں اور ترکوں کے درمیان خلیج پیدا کیا عبدالرشید ترابی نے کہاکہ پاکستان کو آگے بڑھ کر اپنا قائدانہ کردار ادا کرنا ہو گا ۔