کشتی حادثے میں جاں بحق 10 افراد کراچی میں سپرد خاک

واقعہ بہت افسوس ناک ہے،حکومتی نااہلی اور امدادی کاموں میں سست روی سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھی پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 8 دسمبر 2017 14:51

کشتی حادثے میں جاں بحق 10 افراد کراچی میں سپرد خاک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2017ء) کشتی حادثے میں جاں بحق 10افراد کو نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹھٹھہ میں کشتی حادثے میں بائیس افراد جاں بحق ہوئے تھے،جن میں سے دس کا تعلق ملیر کے سالار گوٹھ سے تھا، جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینسز کے زریعے ملیر کے سالار گوٹھ لایا گیا تو پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔

بعد ازاں تمام افراد کی نمازہ جنازہ ادا کی گئی اور انہیں سالار گوٹھ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، لیکن اس موقع پر سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ موجود نہ تھا۔نمازہ جنازہ میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے شرکت کی اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ بہت افسوس ناک ہے جاںبحق افراد کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی اور امدادی کاموں میں سست روی کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھی۔گزشتہ روز ٹھٹھہ کے قریب بوھارا کے مقام پر زائرین کی کشتی حادثہ کا شکار ہوکر ڈوب گئی تھی، کشتی میں تقریبا ستر کے قریب زائرین سوار تھے، ڈوبنے والے اکثر افراد کا تعلق ملیر،لیاری اور ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں سے تھا۔

متعلقہ عنوان :