دھرنوں سے نمٹنے کے لئے سیاسی عزم کی ضرورت ہوتی ہے‘

اس معاملے پر پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے‘ توہین مذہب اور توہین اسلام کے الزامات لگانے سے حکومت کے لئے ایکشن لینا مشکل ہو جاتا ہے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

جمعہ 8 دسمبر 2017 13:25

دھرنوں سے نمٹنے کے لئے سیاسی عزم کی ضرورت ہوتی ہے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دھرنوں سے نمٹنے کے لئے سیاسی عزم کی ضرورت ہوتی ہے‘ اس معاملے پر پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے‘ توہین مذہب اور توہین اسلام کے الزامات لگانے سے حکومت کے لئے ایکشن لینا مشکل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر عارف علوی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آبا دھرنا سے نمٹنے کے حوالے سے باتیں کی جارہی ہیں لیکن دھرنوں سے نمٹنے کے لئے سیاسی عزم کی ضرورت ہوتی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں پر بھی اس حوالے سے ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ اس معاملے پر پوائنٹ سکورنگ کریں گے اور توہین مذہب اور توہین اسلام کے الزامات لگائیں گے تو پھر حکومت کے لئے کوئی بھی ایکشن لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس کے اہلکار اسرار تنولی کا علاج حکومتی خرچ پر ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں ڈاکٹروں کا ایک بورڈ بھی بنایا گیا ہے۔ اگر بورڈ نے سفارش کی تو پولیس اہلکار کو علاج کے لئے سرکاری خرچ پر بیرون ملک بھی بھجوایا جائے گا۔