سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری کی سطح کے افسر کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار

وزارت داخلہ سے متعلق متعدد سوالات کے جوابات نہیں دیئے گئے‘ اس چیز کو برداشت نہیں کیا جاسکتا‘ آج کے اجلاس کے تمام اخراجات سیکرٹری داخلہ سے وصول کئے جانے چاہئیں ،ْایاز صادق

جمعہ 8 دسمبر 2017 13:22

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری کی سطح کے افسر کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ سے متعلق متعدد سوالات کے جوابات نہیں دیئے گئے‘ اس چیز کو برداشت نہیں کیا جاسکتا‘ آج کے اجلاس کے تمام اخراجات سیکرٹری داخلہ سے وصول کئے جانے چاہئیں۔

جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ سے متعلق متعدد سوالات کے جواب نہ آنے پر سپیکر نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ اس وقت گیلری میں وزارت داخلہ کا کون سا افسر موجود ہے تو سیکشن آفیسر کی سطح کے ایک افسر نے بتایا کہ وہ وزارت داخلہ کی نمائندگی کیلئے یہاں موجود ہیں جس پر سپیکر نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانچ منٹ کے اندر سیکرٹری داخلہ کو یہاں بلائیں ‘ جوائنٹ سیکرٹری بھی کیوں نہیں آئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سے کہیں کہ وہ خود یہاں پر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے افسران کا رویہ قابل افسوس ہے ،ْآج کے اجلاس کے تمام اخراجات سیکرٹری داخلہ سے وصول کئے جانے چاہئیں ،ْہم یہ برداشت نہیں کریں گے کہ سوالات کے جواب نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو وہ وزیراعظم سے سفارش کریں گے کہ ذمہ داروں کو برخاست کردیا جائے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیر مملکت برائے داخلہ سے کہا کہ وہ سیکرٹری داخلہ کو لے کر ان کے چیمبر میں آئیں ۔ وہ ایسی صورتحال میں اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے ،ْاس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔