پاکستان فلسطین کے مسئلہ کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل چاہتا ہے‘چوہدری اختر علی خاں

امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلہ سے مشرق وسطہ میں امن و امان کی صورتحال اور خودمختاری کو شدید نقصان پہنچا ہے

جمعہ 8 دسمبر 2017 13:19

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2017ء) امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلہ سے مشرق وسطہ میں امن و امان کی صورتحال اور خودمختاری کو شدید نقصان پہنچا ہے،پاکستان فلسطین کے مسئلہ کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل چاہتا ہے مگر امریکی صدر کے غلط فیصلہ کی وجہ سے امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔ان خیالات کا اظہار ایم پی اے چودھری اختر علی خاں،سینئر مسلم لیگی رہنما محمد اسلام مغل اور کونسلر چودھری اشفاق احمد سرویا نے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالخلافہ تسلیم کرنا دنیائے اسلام کے ساتھ سنگین مذاق ہے جس کے نتائج اچھے ثابت نہیں ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ امریکی صدر کا یہ فیصلہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے ٹرمپ نے یہودیت پرستی کا ثبوت دے کر مذہبی راواداری پر کاری ضرب لگائی ہے اور دنیا کے بڑے مذاہب میں ایک نئی جنگ کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارے دل قبلہ اول کے ساتھ دھڑکتے ہیں کسی صورت بھی بیت المقدس پر یہودی اجارہ داری برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے اسلام کے لیڈروں سے اپیل ہے کہ امریکہ صدر کے اِس اقدام پر سخت ردِ عمل کااظہار کیا جائے تاکہ وہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے سے باز رہے۔انہوں نے مزید کہاکہ دنیا بھر کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کیلئے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔