کراچی، وزیراعلیٰ سندھ کا بھارو کے قریب زائرین کی کشتی الٹنے کے نتیجے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار

میری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،سید مراد علی شاہ

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع ٹھٹھہ کے تعلقہ میرپورساکرو کے ساحلی علاقے بھارو کے قریب سمندر میں تیز ہوا ئوں کے باعث مینھن پٹھائی درگاہ جانے والے زائرین کی کشتی الٹنے کے نتیجے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ انہیں کشتی الٹنے پر گہرا دکھ ہوا ہے اور میری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے میرپورساکرو کے قریب سمندر میں کشتی کے الٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد کو ریسکیو کا کام تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سورج غروب ہونے سے پہلے ریسکیو کام مکمل کیا جائے اور ڈی سی ٹھٹھہ کو ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کرنے کی بھی ہدایات کی ہے۔

(جاری ہے)

ٹھٹھہ سمیت قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں سمیت دیگر طبی عملے کی حاضری اور ادویات کی فراہمی کے انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے ڈی سی ٹھٹھہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی ضرورت ہو مجھے آگاہ کریں۔ ڈی سی ٹھٹھہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 15لاشیں نکالی گئی ہیں اور 35سے زائد لوگوں کو بچالیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ 2 کشتیاں جن میں گنجائش سے زائد افراد سوار ہوکر مینھن پٹھائی درگاہ پر جارہے تھے کہ تیز ہوا کے باعث کشتیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور یہ واقعہ پیش آیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی ٹھٹھہ کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ آپ خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی ضرورت ہو مجھے بتایا جائے۔#

متعلقہ عنوان :