خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ضلع فیصل آباد کی تین رکنی ٹیم کا مختلف دیہاتوں میں صفائی کے عمل کا معائنہ

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:13

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے حکومت پنجاب کی ضلع فیصل آباد کیلئے مقرر کردہ تین رکنی ٹیم نے مختلف دیہاتوں میں صفائی کے عمل کا معائنہ کیا ۔ مانیٹرنگ ٹیم میں ڈیرہ غازی خاں سے رکن صوبائی اسمبلی سید علیم شاہ ‘ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق اور ایس پی سپیشل برانچ فیصل آباد رانا غلام مصطفے شامل تھے جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈکوارٹرز ) میاں آفتاب احمد ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید بھی موجود تھے ۔

مانیٹرنگ ٹیم نے جھنگ روڈ پر چک نمبر 275 ج ب پینسرہ کی یونین کونسل 162 اور چک نمبر 276 ڈنڈیوال کی یونین کونسل 159 میں روڑیوں ‘ کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور دیگر گندگی کی صفائی کا جائزہ لیا اور مقامی لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام پر عملدرآمد کے بارے میں انتظامی امور اور اسکی افادیت کے بارے میں دریافت کیا ۔

(جاری ہے)

ایم اے سید علیم شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار دیہی ترقی میں صفائی کو اہمیت دی گئی ہے اور پہلے مرحلے میں ایک ماہ کے دوران ہر دیہات صاف جبکہ آئندہ مرحلے میں دیہی صفائی کا مستقل نظام وضع کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دیہی عوام کو شہروںکے ہم پلہ سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور ہر یونین کونسل میں 25 لاکھ روپے کے فنڈز سے ترقیاتی سکیموں کا آغاز کرنے کے علاوہ آئندہ مرحلے میں لاکھوں روپے کے مزید فنڈز بھی فراہم کرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے دیہی عوام سے کہا کہ وہ اپنے دیہاتوں کو صاف کرنے کے سلسلے میں صفائی کے نظام کی کامیابی میں بھر پور تعاون کریں ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے مانیٹرنگ ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دیہہ سے باہر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ سائٹس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس پروگرام پر عمدرآمد کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق نے کہا کہ دیہاتوں میں کوڑے کا بیشتر حصہ گوبر اور اس سے متعلق فضلہ پر مشتمل ہے لہذا محکمہ کی طرف سے ایسے کوڑے کو جامع انداز میں ٹھکانے لگانے کے لئے پلاننگ کی جائے ۔

چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی عمدہ سوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نظام سے دیہاتوں کی 70 سالہ محرومی ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی سے نہ صرف ماحول بہتر ہو گا بلکہ بعض بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :