حکومت پنجاب کے ادارہ جاتی ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کیلئے ضلع میں تین روزہ میڈیکل کیمپس قائم

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:13

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) حکومت پنجاب کے ادارہ جاتی ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کیلئے ضلعی پولیس کے 6230 ملازمین کے میڈیکل چیک اپ کیلئے ضلع میں تین روزہ 6 میڈیکل کیمپس کام کر رہے ہیں، اس سلسلے میں پولیس لائنز میں قائم دو میڈیکل کیمپس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ سی پی او اطہر اسماعیل اور ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کیا ۔

انہوں نے میڈیکل کیمپس میں مختلف کائونٹرز کا دورہ کرکے پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کے عمل کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس ‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد آصف شہزاد ‘ ڈاکٹر بلال ‘ ڈاکٹر ثاقب منیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ہیلتھ سکریننگ میڈیکل کیمپس میں ملازمین کے ہیپاٹائٹس بی ‘ سی ‘ ایچ آئی وی ( ایڈز ) ‘ملیریا ‘ ذیابیطس ‘ ٹی بی اور پھیپھڑوں کے ٹیسٹ ‘ بلڈ پریشر ‘ قد اور وزن چیک کرکے ان کی رجسٹریشن اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے جبکہ ہیپاٹائٹس بی نیگٹو ہونے کی صورت میں ویکسین کے انجکشن لگانے کے علاوہ مختلف بیماریوں سے بچائو اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کیلئے کونسلنگ ڈیسک پر بھی ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محلہ وار پروگرام کے تحت صوبہ کے مختلف محکموں کے ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے ضلعی محکمہ صحت کے ڈاکٹر و سٹاف سے کہا کہ وہ ملازمین کے ہیلتھ سکریننگ کے اس ٹاسک کو ذمہ داری اور خوش اسلوبی سے مکمل کریں ۔ سی پی او اطہر اسماعیل نے کہا کہ سرکاری سطح پر محکمہ صحت کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ خوش آئند اقدام ہے جس کے نتائج کے مطابق ملازمین کو صحت برقرار رکھنے کے سلسلے میں آگاہی حاصل ہو گی ۔

ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق 10روزہ ہیلتھ کنونشن کے پروگرامز سے صحت عامہ کے فروغ اور ہیلتھ سیکٹر میں حکومتی اقدامات کو اجاگرکرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے سرکاری محکموںکے ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کے احسن اقدام کو سراہا ۔ سی ای او ڈاکٹر ظفر عباس نے بتایا کہ پولیس ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کے لئے ضلع میں چھ میڈیکل کیمپس کام کر رہے ہیں جن میں سے دو پولیس لائنز ‘ٹریفک پولیس آفس ‘ تحصیل جڑانوالہ ‘ سمندری اور تاندلیانوالہ میں قائم میڈیکل کیمپس شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :