خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن کی دیہی یونین کونسلز میں صفائی کیلئے پلان تیار کرنے کی ہدایت

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:13

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن کی404 دیہی یونین کونسلز کی 2386 دیہاتوں میں صفائی کا نظام پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے متعلقہ محکمے موثر پلان تیار کریں اس سلسلے میںٹریکٹر ٹرالیوں‘لوڈرز اور افرادی قوت کی ضروریات سے متعلق درکار وسائل کے بارے میں جامع رپورٹ تیار کی جائے۔

یہ ہدایت ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے آئندہ مرحلے میں صفائی نظام وضع کرنے کیلئے ضروری امور کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ٹریکٹر ٹرالیاں‘لوڈرز اور صفائی سے متعلقہ سازوسامان تیار کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی نے مشاورتی اجلاس کی غرض و غایت ‘ دیہی علاقوں میں صفائی کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی ۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ( کوآرڈینیشن ) مہر شفقت الله مشتاق ‘ ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد اقبال گل ‘ فیصل آباد ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں آفتاب احمد ‘ چوہدری الغفور ‘ طارق نیازی ‘ چیف آفیسر ضلع کونسل نعیم الله وڑائچ سمیت لوکل گورنمنٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا یہ نظام بڑی اہمیت کا حامل ہے جسکی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی لہذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی کے ساتھ پورا کریں تاکہ دیہی صفائی کا یہ نظام کامیابی کی منازل طے کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کی معاونت حاصل کریں اس ضمن میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لئے مناسب جگہ کا انتخاب انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام میں استعمال ہونے والی مشینری کو ٹھیکہ پر لینے اور افرادی قوت کا انتظام کرنے سے متعلق حکومت کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق شفاف اقدامات کئے جائیں ۔

ڈویژنل کمشنر نے صفائی کے لئے مشینری تیار کرنے والے اداروں کے نمائندوں سے مشاورت کرتے ہوئے ان سے ضروری مشینری کی فراہمی کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں دیہی علاقوں کی صفائی کے نظام کو ٹھیکہ پر دینے سے متعلق ضروری اقدامات فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہر دیہی یونین کونسل میں صفائی کے لئے ٹریکٹر ٹرالی لوڈر کے علاوہ چھ افراد پر مشتمل سٹاف مخصوص یونیفارم میں بیلچہ ‘ ڈرین بمبو ‘ پنجی ‘ جھاوڑ اور دیگر ضروری سامان سے لیس ہو گا جن کی فراہمی کے لئے تجربہ کار فرمز سے پیشکش طلب کر لی گئی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :