حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا کوئی اتحاد نہیں بن رہا، شاہ محمود قریشی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:00

حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا کوئی اتحاد نہیں بن رہا، شاہ محمود ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کا امکان نہیں، ان کا ماضی اور طور طریقہ پی ٹی آئی سے بہت مختلف ہے، امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بعد پوری دنیا میں بھونچال برپا ہو گا، فلسطین کے مسئلہ پر آج قومی اسمبلی میں مشترکہ قرارداد پیش کی گئی ہے۔

وزیر خارجہ کو اہم مسئلہ پر قومی اسمبلی میں حاضر ہو کر پالیسی بیان دینا چاہیے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا کوئی اتحاد نہیں بن رہا اور نہ ہی پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کا امکان ہے، سوچ میں قربت بھی نہیں، ان کا ماضی طور طریقے پی ٹی آئی سے ہمیشہ مختلف رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے فیصلے کے بعد پوری دنیا میں بھونچال برپا ہو گیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، پوپ فرانس، برطانیہ کے وزیراعطم اور مسلم امہ کے قائدین نے مذمتی بیان دیئے جبکہ ترکی کے صدر نے 13 تاریخ کو مسلم ممالک کا اجلاس بلوایا ہے تاکہ اس پر غور کیا جا سکے جبکہ اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں قومی اتفاق رائے دکھایا گیا اور ایک مشترکہ قرارداد پیش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وزیر خارجہ کو ایوان میں آ کر پالیسی بیان دینا چاہیے تھا۔ وہ اسلام آباد میں ہونے کے باوجود ایوان میں نہیں آتے۔