قبلہ اول کو اسرائیلی دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا مظاہروں کا اعلان

امریکہ و اسرائیل کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ گئی ہے، امریکی صدر کا متعصبانہ رویہ عالمی امن کے لئے خطرہ بنتا جا رہاہے،علامہ ناصر عباس جعفری امریکی صدر نے امت مسلمہ کے وقار پر حملہ کیا ہے، باقر نجفی رپورٹ کے بعد پنجاب حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہیے ،بیان

جمعرات 7 دسمبر 2017 23:00

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے قبلہ اول کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے اور وہاں امریکی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان شرپسندی ہے جس کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں ’’امریکہ واسرائیل مردہ باد‘‘مظاہرے کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا پایہ تخت قرار دینا امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ امریکی صدر کا اسلام دشمن متعصبانہ رویہ عالمی امن کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔امریکی صدر نے امت مسلمہ کے وقار پر حملہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر خاموش رہنا امت مسلمہ کی توہین ہے۔ عالمی قوانین کی اس پامالی پر تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں، طلبا تنظیموں اور ریاستی اداروں کو اپنی آواز بلند کرنا ہو گی۔

مسلمان ہونے کے ناطے بیت المقدس سے ہم سب کا مذہبی تعلق جڑا ہوا ہے۔امریکہ اپنی ناجائز اولاد اسرائیل کا ہمیشہ دفاع کرتا آیا ہے۔ اس حمایت کی بنیاد اسلام دشمنی کے علاوہ اور کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ کی اسلام دشمن پالیسیوں میں اسے عرب مسلم ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے جو افسوسناک ہے۔عالم اسلام کی تنزلی عرب حکمرانوں کی خیانت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں اور بیت المقدس کے حوالے سے پاکستان کو واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ باقر نجفی رپورٹ نے ذمہ داروں کے چہرے سے نقاب ہٹا دیا ہے۔ شہباز شریف ،رانا ثنا اللہ کو فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس گردی کا شکار ہونے والوں کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں۔ ناصر شیرازی کے اغوا سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس اغوا میں پنجاب حکومت کے ماتحت ادارے ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :