فیصل آباد،ووٹ اہم قومی فریضہ اور جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے،ریجنل الیکشن کمشنر

ہر پاکستانی شہری کو ووٹ کا اندراج ضرور کرانا چاہئے ،طاہر حسن

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:53

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2017ء) ووٹ ایک اہم قومی فریضہ ہے جو جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے لہذا ہر اہل پاکستانی شہری کو ووٹ کا اندراج ضرور کرانا چاہئے تاکہ وہ جمہوری عمل میں شامل ہو سکے ۔ یہ بات ریجنل الیکشن کمشنر طاہر حسن نے ووٹ کی اہمیت کے قومی دن کے موقع پر گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر علی عبدالله ‘ پرنسپل فریحہ انجم اور دیگر افسران کے علاوہ ٹیچرز ‘ سول سوسائٹی کے افراد اور بڑی تعداد میں طالبات اس موقع پر موجود تھیں ۔ ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ کے اندراج کے لئے قومی شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہے لہذا ذمہ دار شہری کی طرح عمر کی اہلیت پر شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے نادرا آفس سے رابطہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کا قومی دن منانے کامقصد عام شہریوں کو ووٹ کے اندراج سے متعلق ادراک کرانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردوں ‘ خواتین ‘ اقلیتی برادری اور معذور افراد سب اہل عمر شہریوںووٹ کا اندراج کرا سکتے ہیں ۔ پرنسپل فریحہ انجم نے ووٹ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے عمل میںشرکت کے لئے ووٹر ہونا ناگزیر ہے اس سلسلے میں بے اعتنائی نہ کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت پاکستان کی طاقت کی علامت ہے کیونکہ جمہوریت کی بنیاد مضبوط بنانے کے لئے خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا حامل شہری معتبر اور فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ لہذا ضروری ہے کہ ووٹ کے قومی حق کو استعمال کرنے کے لئے اسکا اندراج کرایا جائے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر علی عبدالله نے ووٹ کے اندراج کے طریقہ کار اور محکمانہ معاونت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ دیگر مقررین نے ووٹ کی اہمیت اور اسکے اندراج سے متعلق شہریوں کی ذمہ داری کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔

متعلقہ عنوان :