فیصل آباد، سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو کافی حد تک پورا کردیاگیا

ہے،صوبائی وزیر صحت سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھی تعینات کئے جارہے ہیں ،خواجہ عمران نذیر

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:50

فیصل آباد، سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو کافی حد تک پورا کردیاگیا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2017ء)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو کافی حد تک پورا کردیاگیا ہے جبکہ سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھی تعینات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں 12کروڑ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے علاوہ دیگر صوبوں کے مریضوں کو بھی علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس کے دوران 5لاکھ سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی جبکہ پنجاب بھر میں ہیپاٹائٹس کلینک کے علاوہ 14نئے ایڈز کنٹرول سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی منظوری سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ میں 50کروڑ روپے کی لاگت سے انسینریٹرپلانٹ (Incinerator Plant)فراہم کیا گیا ہے جس کی بدولت ہسپتال کا ویسٹ مناسب انداز میں تلف کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں انسینریٹرپلانٹ کی تنصیب کا سنگ بنیاد رکھا۔ڈپٹی کمشنر ایوب خاں بلوچ،چیئرمین ضلع کونسل ثقلین سجنکا،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل)آصف الطاف،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرملک منیر احمد،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف،جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل آفیئرز اوورسیزشیخ قیصر محمود،ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)مہر آفتاب ہرل،صوبائی مینجر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹرزاہدہ سرور،ڈی ایم ایس ڈاکٹر عاصم الطاف اور دیگر ڈاکٹرز کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہسپتالوں میں صاف شفاف ماحول کو پروان چڑھانے کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے صوبہ کے 26،اضلاع میں انسینریٹرپلانٹ نصب کررہی ہے جبکہ ویسٹ کو مناسب انداز میں تلف کرنے کے لئے 37ٹیوٹا ہائی لیکس پیلی گاڑیاں بھی خریدی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ہاسپٹل ویسٹ کے باعث پھیلنے والی بیماریوں کا بھی تدارک ہوگااور فالتو اشیاء استعمال میں لانے والوں کی بھی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے صحت کے شعبہ میں حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں جدید طبی سہولتوں میں اضافہ کیلئے ہمہ جہت نوعیت کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو فری ادویات کی فراہمی کے علاوہ ہیپاٹائٹس کلینک اور ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت شعبے بھی قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لئے حجاموں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارتی کے افسران سے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کرکے شہریوں کو وباء پھیلانے والوں سے محفوظ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق صحت مند پنجاب کی منازل حاصل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ہیپاٹائٹس کلینک کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے شعبہ ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔