کشتی حادثہ متاثرین میں سے 9 افراد جناح ہسپتال اور این آئی سی ایچ منتقل، ایک بچہ دوران علاج جاں بحق

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) ٹھٹھہ کے نزدیک کشتی حادثے کے متاثرین میں سے 5 خواتین اور 4 بچوں سمیت 9 افراد کو کراچی کے جناح ہسپتال اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) منتقل کیا گیا جن میں سے ایک بچہ دوران علاج چل بسا۔ جناح ہسپتال منتقل کی گئی خواتین میں 35 سالہ گل زادی، 26 سالہ نازیہ، 35 سالہ رضیہ، 30 سالہ انیسہ اور 17 سالہ بلقیس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

این آئی سی ایچ منتقل کئے گئے 4 بچوں میں سے ایک 5 سالہ بچہ اویس ولد الہی بخش دوران علاج جاں بحق ہو گیا جبکہ 4 سالہ عائشہ دختر الہی بخش، 7 سالہ ولد الہی بخش اور2 سالہ شفیع محمد ولد سہیل زیر علاج ہیں۔ متاثرہ خاتون انیسہ نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کشتی الٹنے کا حادثہ بوھارا کے سمندری کنارے پر اس وقت پیش آیا جب لوگ پیر پٹھو کے عرس میں شرکت کے لئے کشتی پر سوار ہورہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار ہونے کے باعث پیش آیا۔