بینک، صارفین کو ادائیگی کے سستے اور موثر طریقے فراہم کرنے کے لیے پے پاک کارڈز اختیار کرنے کا عمل تیز کریں‘ اسٹیٹ بینک

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) بینک دولت پاکستان کے ڈپٹی گورنر جمیل احمد نے ملکی ادائیگی اسکیم پے پاک کارڈ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ صارفین کو سستا، ہر جگہ دستیاب اور ڈیجیٹل طریقہ ادائیگی میسر آسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں مرکزی بینک میں ’’پے پاک دی وے فارورڈ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں سینئر بینکار اور مالی صنعت کے ایگزیکٹوز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے اپنی تقریر میں ملک میں نقد کے کثیر استعمال اور مالی محرومی کا ذکر کیا جس سے مجموعی معاشی کارکردگی کم ہوجاتی ہے اور مالی شعبے کی ترقی کے امکانات مکمل طور پر بروئے کار نہیں لائے جاسکتے۔ الیکٹرانک ادائیگیوں کے لیے پاکستان کے انفراسٹرکچر میں موجود خامیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا اہم اسٹریٹجک مقصد ملک میں جدید اور مضبوط نظام ادائیگی قائم کرنا ہے جو عوام کو سستی اور آسانی سے دستیاب ڈجیٹل مالی خدمات دے سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی گورنر نے ادائیگی کے اہم انفراسٹرکچر کی ترقی میں صارفین اور تاجروں دونوں کو ترغیبات دے کر اور انٹرآپریٹبلٹی فراہم کرتے ہوئے ملک کی ادائیگی کی اسکیموں کی اہمیت کے بارے میں مزید گفتگو کی۔ انہوں نے تمام بینکوں کی جانب سے اجرا اور حصول کے لیے پے پاک کارڈز اختیار کیے جانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پے پاک کارڈز کا استعمال بڑھائیں۔

انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ مرچنٹ ڈسکاونٹ ریٹ پر نظر ثانی کرکے، ایکسس پوائنٹس بڑھا کر اور صارفین کے پیسے کے تحفظ کے لیے ادائیگی کے آلاتکی سیکورٹی کو یقینی بنا کر ڈجیٹل ٹرانزیکشنز کی لاگت کو معقول بنانے کی کوششیں تیز کریں۔اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عرفان علی نے بھی بینکوں کی نان بینک جیسے فن ٹیک کے ساتھ شراکت کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی تاکہ صارفین کو سستے ادائیگی کے طریقے فراہم کیے جاسکیں۔

انہوں نے تمام بینکوں کو ہدایت کی کہ ادائیگی کے کارڈز کی سیکورٹی کے حوالے سے طے شدہ تاریخ پر اسٹیٹ بینک کی ای ایم وی گائیڈلائنز کی تعمیل کریں کیونکہ 30 جون 2018 کے بعد کسی بینک سے اس حوالے سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔ون لنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین امیر کراچی والا نے بھی پے پاک کارڈز کے وژن اور مالی شمولیت اور نظام ادائیگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اسٹیٹ بینک کے اسٹریٹجک مقصد کے حصول کے حوالے سے اس کی اہمیت کا ذکر کیا۔

ون لنک کے سی ای او جناب نجیب اگروالا نے ابتدا میں پاکستان میں ڈجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے میں ون لنک کے اقدامات، جیسے آئی بی ایف ٹی اور بل کی ادائیگی اور مستقبل کے اقدامات جیسے کیو آر ون اور مختلف منسلکہ پروگراموں کے بارے میں مختصرا بتایا۔