ایم کیوایم پاکستان کو جلسہ فوبیا ہوگیا ہے، اگر میں جلسہ کروں یا ریلی نکالوںتو سمجھ میں آتا ہے میں اپوزیشن میں ہوں، مصطفی کمال

ایم کیوایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا وقت آگیا ،ہم بیلٹ کے ذریعے ایم کیوایم کو دفن کریں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہم طاہرالقادری کیساتھ ہیں سپر پاور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے،بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت بنانے کے اعلان کو مسترد کرتے ہیں، لطیف آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:34

ایم کیوایم پاکستان کو جلسہ فوبیا ہوگیا ہے، اگر میں جلسہ کروں یا ریلی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کو جلسہ فوبیا ہوگیا ہے، اگر میں جلسہ کروں یا ریلی نکالوںتو سمجھ میں آتا ہے کہ میں اپوزیشن میں ہوں، ایم کیوایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا وقت آگیا ہے ہم بیلٹ کے ذریعے ایم کیوایم کو دفن کریں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہم طاہرالقادری کے ساتھ ہیں،سپر پاور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، آنے والا وقت پی ایس پی اور وطن پرستوںکا ہوگا،بانی متحدہ نے شہداء کے خون کا سودا کیا ہے،فاروق ستار کو ڈیڑھ سال تک شہداء کی یاد نہیں آئی، بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت بنانے کے اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔

وہ پاکستان ہاؤس لطیف آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر پی ایس پی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی،رضا ہارون، انیس ایڈوکیٹ، افتخار رندھاوا، ارشد وہرہ،نواب راشد علی خان ،ندیم قاضی اور دیگر بھی موجو د تھے۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقے مسائلستان بن گئے ہیں، کراچی، حیدرآباد میں کچرا نہیں اُٹھایا جاتا۔ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔

انہیں چاہئے تھا کہ یہ سڑکیں بناتے ، پرائمری اسکول بناتے، عوام کو سہولتیں دیتے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کا 8دسمبر کا جلسہ لوگوں کے خون پسینے کے پیسے سے کیا جارہا ہے۔ اصل ایم کیوایم کی 22اگست کو چائنا کٹنگ کی گئی ، ایم کیوایم کے پلاٹ پر چائنا کٹنگ کرکے لندن سے پاکستان کردیا گیا۔ ایم کیوایم پاکستان نے مینڈیٹ بھی ہتھیالیا ، انہیں پتہ ہے کہ جعلی دستاویزات پر انہوں نے سیاسی پارٹی بنائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مردم شماری میں شہری آبادی کم دکھانے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ مردم شماری میں سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے لیکن حکومت کو جھوٹی دھمکیاں بھی نہیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس شہر کے میئر کا نام بھی نہیں جانتے ، میئر کا نام کل پتہ چلا ہے کیونکہ انہوں نے 40کروڑ روپے ناجائز طریقے سے ہڑپ کرلئے ہیں،میئر کراچی اور حیدرآبادغبن کرکے پیسہ اپنی پارٹی کو دے رہے ہیں،ان سے پوچھا جائے کہ جلسوں پرپیسا کہاں سے خرچ ہورہاہے، انہوں نے کہاکہ مہاجروں کو پاکستان سے الگ اور ماؤں کو بیٹوں سے جدا کردیاہے،ہزاروں افارد دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں،وہ اپنے والدین کے جنازوں کو کندھا دینے اور بہنوں کی شادیوں میں بھی شرکت نہیں کرتے ، پہلے کہتے تھے مہاجر ہتھیار اُٹھاؤ، جب وہ ایسا کرتے ہیں تو ان سے لاتعلقی اختیار کرلی جاتی ہے۔