پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خصوصی تاریخی، سیاسی اور تجارتی تعلقات مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں ،محمد پرویز ملک

برطانیہ یورپ میں پاکستانی مصنوعات درآمد کرنیوالا دوسرا بڑا ملک ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی پرکشش مواقع موجود ہیں، وفاقی وزیر تجارت کا میئر لندن کے اعزاز میں بزنس فورم سے خطاب دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے تمام شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، صادق خان

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خصوصی تاریخی، سیاسی اور تجارتی تعلقات مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں ،برطانیہ یورپ میں پاکستانی مصنوعات درآمد کرنیوالا دوسرا بڑا ملک ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی پرکشش مواقع موجود ہیں۔

وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے یہ بات جمعرات کو میئر لندن صادق خان کے اعزاز میں منعقدہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر، وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سفارتکار اور سینئر سرکاری حکام بھی موجود تھے ۔وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کو تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے رابطوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارت بین العلاقائی اور عالمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا سب سے موثر زریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہمیشہ مثالی تعلقات رہے ہیں، برطانیہ میں کئی پاکستانی نسلیں آباد ہیں اور وہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی پر کشش مواقع موجود ہیں جبکہ متعدد برطانوی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں کام کر رہی ہیں۔

دونوں ملکوں کے مالیاتی سیکٹرز،سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ، مشینری شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ لندن کاروبار، سرمایہ کاری، سیاحت اور پارٹنرشپ کیلئے کھلا ہے، ہم دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے تمام شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔