پاکستان برطانیہ کیساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں قریبی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے ،شاہد خاقان عباسی

انسداد دہشت گردی کیلئے کی جانیوالی کامیاب کوششوں کی بدولت پاکستان برطانیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے، بطور میئر لندن آپ کے انتخاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ،وزیراعظم کی صادق خان سے گفتگو میئر لندن کی حیثیت سے پاکستان اور لندن کے درمیان قریبی روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرونگا، صادق خان کی وزیراعظم کو یقین دہانی

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:34

پاکستان برطانیہ کیساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں قریبی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کیساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں قریبی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے ، انسداد دہشت گردی کیلئے کی جانیوالی کامیاب کوششوں کی بدولت پاکستان برطانیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک بن چکا ہے۔وزیراعظم نے یہ بات میئر لندن صادق خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ۔

ملاقات میں کاروباری شخصیات اور صحافیوں سمیت 25 رکنی وفد بھی موجود تھا۔ وزیراعظم نے میئر لندن صادق خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہ بطور میئر لندن ان کے انتخاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے اور آپ کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں، وزیراعظم نے نیو یارک میں برطانوی وزیراعظم کیساتھ اپنی ملاقات کا بھی ذکر کیا، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان برطانیہ کیساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں قریبی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کیساتھ تعلقات منفرد حیثیت کے حامل ہیں۔ دونوں کے قریبی اور خوشگوار تعلقات برطانیہ میں بڑی تعداد میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے مزید مستحکم ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے لندن کے میئر کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجود مواقعوں کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان میں طلب سے زائد توانائی موجود ہے اور انسداد دہشت گردی کیلئے کی جانے والی کامیاب کوششوں کی بدولت پاکستان برطانیہ کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ میئر لندن اور ان کا وفد لندن میں یہ پیغام پہنچائے گا کہ پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور بامعنی تعاون کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔ میئر لندن صادق خان نے وزیراعظم کو حکام، میڈیا اور مختلف کاروباری شخصیات سے اپنی کامیاب ملاقاتوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی طرف سے حاصل کی جانیوالی کامیابیوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دورے سے غلط تاثرات دور ہوئے ہیں اور وہ اور ان کی ٹیم پاکستان کیساتھ اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں 1.7 ملین پاکستانی نژاد شہری ہیں جو اپنے ورثہ پر فخر کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو ان کی وجہ سے خصوصی قرابت حاصل ہے۔ انہوں نے بریکزٹ کے بعد یو کے میں موجود کاروباری مواقع سے پاکستان کو بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک بالخصوص دولت مشترکہ کے ممالک کے ساتھ قریبی اقتصادی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ لندن کے میئر کی حیثیت سے پاکستان اور لندن کے مابین قریبی روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ لندن کے میئر نے وزیراعظم کو پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے 28 نومبر 2017ء کو برٹش میوزیم میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی رونمائی کے بارے میں بھی بتایا۔ یہ مجسمہ لنکنز ان میں رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔