پاکستان بار کونسل کی امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین احسن بھون اور ایگزیکٹوکمیٹی کے چیئرمین حفیظ الرحمان چوہدری نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کا اقدام نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹرکی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ا قدام فلسطینی عوام کے آزاد ریاست کے حق کی بھی پامالی ہے ،جمعرات کو پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان بارکونسل کے راہنمائوں نے امریکی صدر کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ یروشلم فلسطین کا دارالحکومت ہے ،جس کے لیے کئی دہائیوں سے جد وجہد کے دوران فلسطینی عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ، ہمارے مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل مجرمانہ غفلت کو چھوڑ کر ہنگامی اجلاس طلب کرے اور امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف قرار دار منظور کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکہ پرسپر پاور ہونے کی حیثیت سے قانونی اور اخلاقی طور پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے آزاد ریاست کااحترام کرے اسے چاہئے کہ وہ یروشلم کو فلسطینی دارالخلافہ کے قانونی مطالبہ کی حمایت کرے ،جو تاریخی طور پرمسلمانوں کا حق ہے ۔