عوامی فلاح و بہبود پر مبنی معاشی پالیسیوں کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے، سید خورشید شاہ

تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مسائل پر تعاون کار میں اضافہ کرنا چاہئے، 20ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:18

عوامی فلاح و بہبود پر مبنی معاشی پالیسیوں کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 2018کے عام انتخابات سے قبل ملک کے عوامی نمائندوں کے علاوہ نجی و ترقیاتی شعبوں کو معاشی، ماحولیاتی اور خارجہ امور کے بارے میں ایک متفقہ غیر سیاسی ایجنڈا تشکیل دینا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی( ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام 20 ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید خورشید شاہ نے بجٹ سازی کے عمل کے دوران پارلیمنٹ کے مؤثر کردار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کی فلاح پر مبنی معاشی پالیسیاں وضع کرنے اور ملک کی آبادی کی اکثریت کے معایر زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہمیں جنوبی ایشیا میں نئے معاشی مواقع اور چیلینجز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا ان مواقع سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جائیا ور اس مقصد کے لیے ٹریک ٹو سفارتی کاوشوں کا احیا کیا جائے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں مستحکم امن کے لیے اس جانب توجہ دینا ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کی انڈرسیکرٹری برائے معاشی و سماجی کمیشن ڈاکٹر شمشاد اختر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ غریب اور محروم طبقات کو معاشی ترقی کا حصہ بنایا جائے، ٹیکسوں کا دائرہ بڑھایا جائے اور بیرونی قرضوں پر انحصار کم کیا جائے۔ قابل ازیں ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے پاکستان کے مختلف معاشی ، سماجی اور دیگر مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کی سنگینی تقاضہ کرتی ہے کہ ان کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کی سیاست اور کثیر جہتی کے فروغ پر توجہ دینی چاہئے اور نفرت اور دوری کی موجودہ لہر کا سدباب کرنا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر ایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چئیرمین شفقت کاکا خیل کو ان کی خدمات پر ’لائف اچیومنٹ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کئی دیگر شخصیات کو بھی اس موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :