الیکشن کمیشن کی ہدایت پر شہریوں کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے نیشنل ووٹرز ڈے منایا گیا

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:15

لالہ موسیٰ۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر شہریوں کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے نیشنل ووٹرز ڈے منایا گیا ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سے ضلع کونسل ہال تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، ڈی پی او جہانزیب نذیر خان،، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر،میجر معین نواز، چوہدری شبیر احمد اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عمران ظفر نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران سید ابرار علی، جاوید بٹ ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، شرکا نے شہریوں کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے نعروں پر مشتمل کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ضلع کونسل ہال میں نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاواو دیگر مقررین نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انتخابات میں ووٹ کا استعمال نہایت اہم ہے ، شہری اپنے ووٹ کا اندارج کرائیں اور دوسروں کو بھی اسکی ترغیب دی جائے۔

انہوںنے کہاوطن عزیز اس وقت مختلف بحرانوں کا شکار ہے ، ان مسائل سے ملک کو نجات دلانے کیلئے مضبوط جمہوری حکومت ناگزیر ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ ہر ووٹر اپنے ووٹ کا مکمل ایمانداری سے استعمال کرے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عمران ظفر نے کہا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان آئندہ عام انتخابات میں ووٹرز کے ٹرن آئوٹ میں اضافہ کیلئے پرعزم ہے ، نیشنل ووٹرز ڈے کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ووٹ کا انداراج اور ایک سے دوسرے علاقہ میں منتقلی نہایت آسان بنا دی گئی ہے، جن علاقوں میں خواتین کے ووٹوں کے تعداد کم ہے ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضلع کے طول و عرض میں ووٹرز کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے جامع منصوبہ پر عمل جاری ہے جس کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں ووٹرز کو ووٹ کی اہمیت بارے آگاہی فراہم کی جائے گی اس مقصد کیلئے سیاسی راہنمائوں، میڈیا، این جی اوز، اساتذہ کرام ، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :