خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے حوالے سے گجرات کی کارکردگی صوبہ بھر میں پہلے نمبر ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:15

لالہ موسی،ْ۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنرگجرات محمد علی رندھاوا نے کہا کہ خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے حوالے سے ضلع گجرات کی کارکردگی صوبہ بھر میں پہلے نمبر ہے، لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے 23دسمبر کو ٹینڈرز طلب کر لئے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے دونوں منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر، میئر گجرات حاجی ناصر محمود،ایم پی ایز نوابزادہ حیدر مہدی، میجر (ر) معین نواز وڑائچ،، وائس چیئرمین چوہدری شعیب رضا، میاں شیر افگن، سی او ضلع کونسل چوہدری محمود اقبال گوندل بھی موجود تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ خرم محمود ترہنگی نے اجلاس کے شرکا ء کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تحصیل گجرات میں4084مقامات، تحصیل کھاریاں میں3228مقامات جبکہ تحصیل سرائے عالمگیر میں 216مقامات پر کوڑے کرکٹ کی نشاندہی کی گئی تھی ، ابتک ان میں بیشتر مقامات کو صاف کر دیا گیا ہے اس حوالے سے یونین کونسلوں کے چیئرمین، کونسلرز اور سٹاف خراج تحسین کا مستحق ہے۔ انہوںنے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ضلع بھر کی ہر یونین کونسل میں فی کس25لاکھ روپے جبکہ ہر وارڈ میں پانچ لاکھ روپے لاگت سے ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کئے جائیں گے۔

انہوںنے بتایا کہ بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے یونین کونسلوں میں223منصوبہ جات کی نشاندہی کی گئی تھی جن پر 369.5ملین روپے لاگت آئے گی ، ان پراجیکٹس کیلئے اخبارات میں اشتہار جاری کر دیا گیا ہے اور مقررہ ٹائم لائن کیمطابق ٹینڈرز کھولے جائیں گے۔ اس سے قبل بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خرم ترہنگی نے بتایا کہ ابتک دیہی علاقوں سی90فیصد کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ختم کئے جاچکے ہیں اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ کے پورٹل ضلع بھر میں جاری سرگرمیوں کی 46696تصاویر اپ لوڈ کی جاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :