وزیر اعلی پنجاب سکیم کے تحت 1لاکھ15ہزار ہونہار طلبہ وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:15

لالہ موسیٰ۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و اطلاعات میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سکیم کے تحت چوتھے مرحلے میں 1لاکھ15ہزار ہونہار طلبہ وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپس دیے جائیں گے، اس سے پہلے میں2012سے ابتک تین مراحل میں مجموعی طور پر3لاکھ10ہزارہونہار طلبہ و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے جا چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنمنٹ زمیندار کالج گجرات میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مجموعی طور پر2490ہونہار طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپس دیے گئے، مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، ڈی پی او جہانزیب نذیر خان، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر، میئر گجرات حاجی ناصر محمود، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی، میجر (ر) معین نواز، چوہدری شبیر احمد، پرنسپل پروفیسر عبید اللہ ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر سرفراز احمد اور بڑی تعداد میں اساتذہ کرام و طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انفارمیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ خوش قسمتی سے نوجوان پاکستانی معاشرے کا 60فیصد ہیں حکومت پنجاب انکی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے ،طلبہ وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپس کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے یوتھ کے حوالے سے وژن کا عکاس ہے۔ انہوںنے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنا دیا ہے، حکومت کیطرف سے فراہم کردہ لیپ ٹاپس سے طلبہ وطالبات کیلئے پوری دنیا کے جدید علوم اور جدید ریسرچ انکے ہاتھ میں ہوں گے، انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں 18ارب روپے سے انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس سے 2لاکھ مستحق طلبہ و طالبات کو اعلی تعلیم کے لئے وظائف دیے جارہے ہیں، صوبے کے 6ہزار سکولوں میں کمپوٹر لیب قائم کی گئی ہیں جن سے سالانہ 35لاکھ طلبہ و طالبات استفادہ کرتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر حکمرانوں کو پیش کیا جانیوالا گارڈ آف آنر پہلی بار ٹاپ پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات کو پیش کیا جارہا ہے، انہیں بیرون ممالک یونیورسٹیوں کے مطالعاتی دورے بھی کرائے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ دنیا کی بڑی اکنامک پاور ہوگا، سی پیک سے ملک میں 60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے، ملک میں نئے انڈسٹریل زون بنیں گے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے چار سال کے دوران ملک سے دہشتگردی کے جن پر قابو پایا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوچکا ، گوادر پورٹ آپریشنل ہونے سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معاشی ترقی میں نمایاں تیزی ہوئی، جی ڈی پی گروتھ ریٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ حکومت نے کشکول توڑ دیا ۔

متعلقہ عنوان :