وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے لندن کے میئر صادق خان کی ملاقات

بطور میئر لندن ان کے انتخاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے اور وہ ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہے،وزیراعظم

جمعرات 7 دسمبر 2017 21:48

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے لندن کے میئر صادق خان کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے لندن کے میئر صادق خان نے جمعرات کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں کاروباری شخصیات اور صحافیوں سمیت 25 رکنی وفد بھی موجود تھا۔ لندن کے میئر صادق خان عہدہ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن کے میئر صادق خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بطور میئر لندن ان کے انتخاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے اور وہ ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہے۔

وزیراعظم نے نیویارک میں برطانوی وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت برطانیہ کے ساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں قریبی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات منفرد حیثیت کے حامل ہیں۔ دونوں کے قریبی اور خوشگوار تعلقات برطانیہ میں بڑی تعداد میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے مزید مستحکم ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نے لندن کے میئر کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجود مواقعوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے لندن کے میئر کو بتایا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان میں طلب سے زائد توانائی موجود ہے اور انسداد دہشت گردی کے لئے کی جانے والی کامیاب کوششوں کی بدولت پاکستان برطانیہ کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ لندن کے میئر اور ان کا وفد جس میں کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں، لندن میں یہ پیغام پہنچائے گا کہ پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور بامعنی تعاون کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔

لندن کے میئر صادق خان نے وزیراعظم کو حکام، میڈیا اور مختلف کاروباری شخصیات سے اپنی کامیاب ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی طرف سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے سے غلط تاثرات کو دور ہوئے ہیں اور وہ اور ان کی ٹیم پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں 1.7 ملین پاکستانی نژاد شہری ہیں جو اپنے ورثہ پر فخر کرتے ہیں اور پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو ان کی وجہ سے خصوصی قرابت حاصل ہے۔ انہوں نے بریکزٹ کے بعد یو کے میں موجود کاروباری مواقع سے پاکستان کو بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک بالخصوص دولت مشترکہ کے ممالک کے ساتھ قریبی اقتصادی شراکت داری کا خواہاں ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ لندن کے میئر کی حیثیت سے پاکستان اور لندن کے مابین قریبی روابط کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ لندن کے میئر نے وزیراعظم کو پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے 28 نومبر 2017ء کو برٹش میوزیم میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے کی رونمائی کے بارے میں بھی بتایا۔ یہ مجسمہ لنکنز ان میں رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔