چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ملازمین اور افسران کے پینشن کیسز کی پیروی کیلئے فضل معبود کو فوکل پرسن مقرر کرنے کی منظوری دے دی

جمعرات 7 دسمبر 2017 21:42

چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ملازمین اور افسران کے پینشن کیسز کی ..
اسلام آباد۔ 07 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ادارے کے ملازمین کو پنشن کے حصول میں درپیش مشکلات کے فوری ازالے اور وفاقی محتسب میں ملازمین اور افسران کے پینشن کیسوں کی موئثر پیروی کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ اینڈ اکائونٹس فضل معبود کو فوکل پرسن مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد سی ڈی اے کے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

فوکل پرسن ادارے کے ملازمین اور افسران کے پینشن کے کیسوں کو فوری نمٹانے بالخصوص انکوائریوں کا سامنا کرنے والے ملازمین اور افسران کے پینشن کیسوں کو قوانین کے مطابق مکمل کرنے کے علاوہ وفاقی محتسب ، مختلف عدالتوں اور دیگر فورم پر پینشن کیسوں کی موثر پیروی کر کے انہیں فوری مکمل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

فوکل پرسن پینشن کیسوں میں ادارے بالخصوص وفاقی حکومت کی طرف سے مختلف اوقات میں نافذ کئے جانے والے متعلقہ قوانین کے نفاذ کو بھی یقینی بنائیں گے۔

میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے فوکل پرسن ڈائریکٹر جنرل آڈٹ اینڈ اکائونٹس فضل معبود کو ہدایت کی ہے کہ وہ پینشن کے جلد حصول میں حائل غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دیں تاکہ ملازمین کو اپنے جائز حق کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور فوکل پرسن کی تقرری کا مقصد ملازمین کو سہولت مہیا کرنا ہے۔

دریں اثناء سی ڈی اے کی اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ II- کے سینئر اسسٹنٹ نور اخمت کے معطلی کے دورانیہ کو ڈیوٹی پر حاضرتصور کئے جانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ یہ احکامات سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشن1992ء کی شق 8.12 کے تحت دیئے گئے ہیں جبکہ ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ کی منظوری کے بعد جن ملازمین کی انکوائریاں مکمل کرنے کے بعد انہیں سی ڈی اے ملازمین سروس ریگولیشن 1992 ء کی شق 8.04(1)(a:i) کے تحت سر زنش کی سزا دی گئی ہے ان میں ادارے کی سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کے دو(02) جونیئر اسسٹنٹ / کرکٹ کے کھلاڑی نوید ملک اور فیضان ریاض شامل ہیں ۔

ان کو سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشن 1992ء کی شق20.02 کے تحت 30 یوم کے اندر اپیل کا حق بھی دیا گیا جبکہ مستقبل میں ادارے کے مروجہ قوانین وریگولیشنزکی تعمیل کی ہدایت کی گئی ہے۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ادارے میں قوانین کے موئثر نفاذ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پہلی مرتبہ ادارے میں سزا اور جزاء کا عمل شروع کیا گیا ہے تاکہ جہاں کام نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے وہاں کام کرنے والے ملازمین اور افسران کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ادارے میں ڈسپلن کی پابندی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا بلکہ کام نہ کرنے والے ملازمین اور افسران کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :