ابتدائی دو ٹیسٹ ہارنے سے کھلاڑی دلبرداشتہ نہ ہوں، ایشز سیریز ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے اگلے میچز میں ڈٹ کر کینگروز کا مقابلہ کریں، انگلش کوچ

جمعرات 7 دسمبر 2017 21:26

ابتدائی دو ٹیسٹ ہارنے سے کھلاڑی دلبرداشتہ نہ ہوں، ایشز سیریز ٹائٹل ..
ایڈیلیڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) انگلش ٹیم کے کوچ ٹریور بیلس نے کہا ہے کہ کینگروز کے ہاتھوں ایشز سیریز کے ابتدائی دو میچز میں شکست کے باوجود کھلاڑی حوصلہ نہ ہاریں، ابھی سیریز کے دفاع کی امید باقی ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو اگلے میچز میں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ آسٹریلیا کو رواں ایشز سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے لیکن انگلش ٹیم کے پاس متواتر شکستوں کے باوجود سیریز کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کا موقع باقی ہے، سیریز کے دفاع کیلئے انگلینڈ کو دو ٹیسٹ میچز میں کامیابیاں اور ایک ٹیسٹ ڈرا کرنا پڑے گا۔

انگلش کوچ ٹریور بیلس نے اپنے بیان میں کہا کہ کینگروز کے خلاف پہلے دونوں میچز میں کھلاڑیوں نے بعض موقعوں پر بھرپور فائٹ کی تاہم میچز جیتنے کیلئے انہیں آخر دم تک مقابلہ کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کھلاڑیوں کو ناکامیوں سے دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں، ٹیم میں جیتنے کی صلاحیت موجود ہے اور ہدف کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو تینوں شعبوں میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دونوں میچز میں بائولرز کی کارکردگی تسلی بخش رہی البتہ بلے بازوں کی کارکردگی باعث تشویش ہے، چار اننگز میں ہمارا کوئی کھلاڑی سنچری نہیں بنا سکا، اگر بائولرز کی طرح بلے باز بھی عمدہ پرفارم کریں تو ہمیں ایشز ٹائٹل کے دفاع سے کوئی نہیں روک سکتا، امید ہے کہ ٹیم اگلا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔