لیسکو کو حادثات سے مکمل طور پر مبرا کمپنی بنانے کا عزم رکھتے ہیں ‘واجد علی کاظمی

ایس ڈی اوز سیفٹی آلات پہن کر کام کریں تاکہ اہلکاروں میں سیفٹی کی اہمیت اجاگر ہوسکے‘چیف ایگزیکٹو لیسکو

جمعرات 7 دسمبر 2017 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے کہا ہے کہ ہم لیسکو کو حادثات سے مکمل طور پر مبرا کمپنی بنانے کا عزم رکھتے ہیں ،ہم نے سال 2017-18کو حفاظت کے وعدے کے سال کے طور پر شروع کیا تھا اور اس ضمن میں بے شمار سیفٹی سیمینار بھی منعقد کروائے گئے ،حادثات کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے مگر لیسکو میں ایک بھی حادثے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے یہ بات لیسکوکے ریجنل ٹریننگ سینٹر میں افسران کے لیئے منعقدہ ایک روزہ ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو نے اپنے خطاب میں ایس ڈی اوز اورایکسیئنز پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً فیلڈ میں جائیں اور اپنے اہلکاروں کو سیفٹی کے اصولوں پرعمل پیرا ہونے کی تلقین کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایس ڈی اوز کو مخاطب ہو کر کہا کہ وہ سیفٹی آلات پہن کر بطور ایک مثال ایک شٹ ڈائون پر کام کریں تاکہ ان کے اہلکاروں میں سیفٹی کی اہمیت اور ضرورت اجاگر ہوسکے۔لیسکو کے ریجنل ٹریننگ سینٹر میں لیسکو کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 40افسران کیلئے جاری ایک روزہ ٹریننگ میں ٹی اینڈ پی اور سالانہ خریداری اور اس کی تقسیم کے حوالے سے پلان کی تیاری کے عنوان سے کروائی جانے والی اس تربیت کا مقصد افسران کو ترقیاتی میٹریل بشمول ٹی اینڈ پی کی ہمہ وقت دستیابی کے حوالے سے آگاہ کرناہے تاکہ لیسکو میں کسی بھی وقت میٹریل کی کمی کا مسئلہ پیدا نہ ہو سکے ۔

مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران کو 10بیجز میں تقسیم کیا گیا ہے اور تقریباً ہر ہفتے ایک بیج کی ٹریننگ کروائی جارہی ہے اس سلسلے میں پانچویں بیج کی ٹریننگ کے دوران منیجر میٹریل مینجمنٹ شاہد محمود نے میٹریل کی فورکاسٹنگ ، فیلڈ دفاتر کی جانب سے میٹریل کی ڈیمانڈ ، ٹائم مینجمنٹ اور پورا سال میٹریل کی مسلسل دستیابی جیسے موضوعات پر لیکچر دئیے ۔اس ٹریننگ پروگرام کا مقصد افسران کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ میٹریل کی منطقی ڈیمانڈ کے حوالے سے آگاہی اور طے شدہ اہداف کی کامیابی سے تکمیل شامل ہے۔ٹریننگ کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی اور ڈائریکٹر ایچ آر عاضیہ شعیب نے ٹریننگ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :