قومی ترقی کیلئے نجی و سرکاری اداروں کا اشتراک ناگزیر ہے، سید رضا علی گیلانی

جمعرات 7 دسمبر 2017 20:28

قومی ترقی کیلئے نجی و سرکاری اداروں کا اشتراک ناگزیر ہے، سید رضا علی ..
لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں نجی و سرکاری شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے جس کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن ہر سطح ہر تعاون کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے میں ترقی کیلئے مختلف پروگرامز پر عمل پیرا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن قابل اور ذہین طلباء کو دوران تعلیم سکالرشپ، لیپ ٹاپ، ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع اور ہر طرح کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں اساتذہ کی بنیادی اہمیت کے پیش نظر ان کی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ اکیڈمی بھی بنائی اور اساتذ ہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے رواں سال بھی ہزاروں نئی اسامیوں پر بھرتیاں کی گئیں۔

(جاری ہے)

وہ یونیک گروپ آگ انسٹی ٹیوشنز کے ہائی اچیورز میں لاکھوں روپے مالیت کے انعامات تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔الحمرا ہال مال روڈ میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں نجی کالج سے وابستہ طلباء و اساتذہ کے علاوہ شعبہ تعلیم سے منسلک افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید رضا علی گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر کے نوجوانوں سے زیادہ قابل اور محنتی ہیں۔

انہی نوجوانوں کی بنیاد پر پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ان کی اتنی اچھی تربیت کی۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ پنجاب کی بڑی جامعات کو عالمی رینکنگ میں اوپر لانے کیلئے جامع پالیسی مرتب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب اور اس کے ملحقہ اداروں میں میرٹ اور صرف میرٹ ہی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا تحقیق اور تعلیم کی بنیاد پر اس مقام پر پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل بھی تعلیم کے شعبے پر توجہ دینے سے ہی تابناک ہو گا۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ پاکستانی نوجوان اپنی ذہانت کی بنیاد پردنیا بھر کے نوجوانوں سے بہتر ہیں۔

انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور انکی تربیت سے پاکستان کو اس کا اصل مقام دلوایا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر طرح سے نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی کیلئے کاوشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وطن ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے جس کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں تمام تر صلاحتیں صرف کرنا ہوں گی۔ قبل ازیںصوبائی وزیرہائر ایجوکیشن نے کالج کی نمائندگی کرتے ہوئے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں لاکھوں روپے مالیت کے انعامات تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :