جیلانی پارک میںگلِ دائودی کی سالانہ نمائش کی افتتاح،

250 اقسام کے پھول رکھے گئے ہیں پی ایچ اے کی وجہ سے ہر طرف خوبصورتی پھیلی ہوئی ہے،اس وقت شہر کے تمام فوارے خوبصورتی بکھیر رہے ہیں‘ خواجہ احمد حسان

جمعرات 7 دسمبر 2017 20:25

جیلانی پارک میںگلِ دائودی کی سالانہ نمائش کی افتتاح،
لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان نے جیلانی پارک لاہور میںگلِ دائودی کی سالانہ نمائش کا افتتاح کر دیا جو12 دسمبر تک جاری رہے گی۔اس موقع پر وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ناہید گل بلوچ بھی موجود تھے، نمائش میں موسمِ سرما میںکِھلنے والے کم و بیش 250 اقسام کے گُلِ دائودی رکھے گئے ہیں،خواجہ احمد حسان نے نمائش میں حصہ لینے والے پی ایچ اے کے ہارٹیکلچر سٹاف کی سجاوٹی مہارت کو بہت سراہا۔

اس نما ئشی مقابلہ میںمختلف تعلیمی اداروں، ہوٹل انڈسٹریز و دیگر کمرشل اداروں نے بھی بھر پور حصہ لیا، علاوہ ازیں مختلف سکولوں اور کالجوں کے مابین کٹ فلاور کا نمائشی مقابلہ ہوا جس کو بہت سراہا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہارٹیکلچر سوسائٹی اور فلورل آرٹ سوسائٹی کی جانب سے خواتین کے مابین آرائشِ گل کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ خواجہ احمد حسان نے پھولوں کی طویل کارپٹ نما کیاری کو دیکھتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے جو کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا ہی لگایا ہوا پودا ہے کی وجہ سے ہر طرف خوبصورتی پھیلی ہوئی ہے اوراس وقت شہر کے تمام فوارے خوبصورتی بکھیر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اظہار کیاکہ لاہور کے گرد بنائی جانے والی رنگ روڈ پر پی ایچ اے کی جانب سے گھاس کی سبز چادر پر رنگ برنگے خوبصورت پھول پی ایچ اے کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے پی ایچ اے کے افسران اور خاص طور پر مالی حضرات کی محنت اور صلاحیت کی بہت تعریف کی جنہوں نے شب و روز محنت کر کے اس نمائش کو کامیاب بنایا۔